Get Alerts

پختونخوا ملی عوامی پارٹی نواز شریف کی مشروط حمایت کرے گی؛ اچکزئی

دہشت گردی کے خلاف جنگ کے بعد خصوصاً نسلی پروفائل کی بنا پر پختونوں کے لئے روزگار کے مواقع محدود ہوئے اور آج ان کے لئے رزق کمانا محال ہو گیا ہے۔ یہاں تک کہ ان کی زندگی، عزت اور مال بھی محفوظ نہیں ہے۔

پختونخوا ملی عوامی پارٹی نواز شریف کی مشروط حمایت کرے گی؛ اچکزئی

پختونخوا ملی عوامی پارٹی نواز شریف کا ساتھ تب تک دے گی جب تک وہ آئین، پارلیمانی حاکمیت، اور خود مختار اکائیوں کے اصولوں پر گامزن رہیں گے۔ ان خیالات کا اظہار پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین محمود خان اچکزئی نے لورالائی میں مختلف اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ آج پختونوں کو متعدد چیلنجز کا سامنا ہے۔ پختونوں کو قدرت نے بہت سے وسائل سے نوازا ہے مگر اس کے باوجود انہیں ان کا استعمال کرنے کے لئے اختیار اور خود مختاری نہیں دی گئی جس کی وجہ سے پختون دوسرے ممالک اور شہروں میں محنت مزدوری کرنے پر مجبور ہیں۔ مگر افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ آج ملک کے دوسرے شہروں میں ان سے محنت مزدوری کا یہ حق بھی چھینا جا رہا ہے۔ 'دہشت گردی کے خلاف جنگ' کے بعد خصوصاً نسلی پروفائل کی بنا پر پختونوں کے لئے روزگار کے مواقع محدود ہوئے اور آج ان کے لئے رزق کمانا محال ہو گیا ہے۔ یہاں تک کہ ان کی زندگی، عزت اور مال بھی محفوظ نہیں ہے۔

 محمود اچکزئی نے پاکستان کے مختلف علاقوں میں وسائل کی غیر متوازن تقسیم پر افسوس کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں وسائل چند ہاتھوں میں مرتکز ہیں جسے ایلیٹس کیپچر یا اشرافیہ کا قبضہ بھی کہا جاتا ہے۔ یہ عدم توازن پاکستان کے مختلف صوبوں اور علاقوں کی سطح پر بھی موجود ہے۔ عالمی سطح پر وسائل کی تقسیم میں عدم توازن غربت کا ایک بڑا سبب ہے اور پاکستان میں بھی یہی مسئلہ ہے۔

اس موقع پر پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل عبدالرحیم زیارت وال، مرکزی سیکرٹری عبدالحق ابدال، جابر اتمانخیل، صوبائی سیکرٹری نصیر ننگیال، دوست محمد لونی، سردار حبیب رحمان، پارٹی سیکرٹری ضلع لورالائی صفدر میختروال اور دیگر اہم شخصیات موجود تھیں۔