Get Alerts

بالی وڈ سٹارسلمان خان کے گھر کے باہر فائرنگ کرنےوالے شخص کی شناخت ہو گئی

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ لارنس بشنوئی کے بھائی انمول بشنوئی نے سلمان خان کی رہائش گاہ پر فائرنگ کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نے ابھی اداکار کو صرف نذرانہ پیش کیا ہے۔

بالی وڈ سٹارسلمان خان کے گھر کے باہر فائرنگ کرنےوالے شخص کی شناخت ہو گئی

بالی ووڈ کے دبنگ سٹار سلمان خان کے گھر پر فائرنگ کرنے والے افراد کا تعلق گینگسٹر لارنس بشنوئی کے گینگ سے نکلا۔ فائرنگ کرنے والے نامعلوم افراد میں سے ایک کی شناخت ہو گئی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق 14 اپریل کو ممبئی میں سلمان خان کی رہائش گاہ پر فائرنگ کرنے والے افراد کی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں افراد کا تعلق گینگسٹر لارنس بشنوئی کے گینگ سے ہے۔ ان افراد میں سے ایک کی شناخت وشال کے نام سے ہوئی ہے۔

سی سی ٹی وی فوٹیج سے پتہ چلتا ہے کہ دونوں افراد نے ٹوپیاں پہن رکھی تھیں اور بیگ اٹھائے ہوئے تھے۔ ویڈیو میں انہیں سلمان خان کی رہائش گاہ کی طرف فائرنگ کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ سے قبل دونوں مشتبہ افراد نے سلمان خان کی رہائش گاہ کے آس پاس کے علاقے کا جائزہ لیا تھا جبکہ فائرنگ کے بعد دونوں افراد ممبئی چھوڑ کر جاچکے ہیں اور فی الحال فرار ہیں۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ لارنس بشنوئی کے بھائی انمول بشنوئی نے سلمان خان کی رہائش گاہ پر فائرنگ کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نے ابھی اداکار کو صرف نذرانہ پیش کیا ہے۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ انمول بشنوئی نے سلمان خان کو دوبارہ بھی قتل کی دھمکی دی ہے۔

دوسری جانب مہاراشٹر کے وزیراعلیٰ نے سلمان خان سے رابطہ کرکے اُنہیں مزید تحفظ فراہم کرنے کی یقین دہانی کی ہے۔

اتوار کو بالی ووڈ سپر سٹار سلمان خان کے گھر کے باہر 2 نامعلوم افراد فائرنگ کر کے فرار ہوگئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق واقعہ اتوار کی صبح 5 بجے کے قریب پیش آیا۔ 2 نامعلوم موٹرسائیکل سوار ملزمان کی جانب سے سلمان خان کے گھر کے باہر فائرنگ کی گئی جس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

ممبئی پولیس کی جانب سے علاقے میں سکیورٹی غیر معمولی کر دی ہے جبکہ واقعے کے بعد تحقیقات کا بھی آغاز کر دیا گیا ہے۔

واقعے کے بعد کرائم برانچ، مقامی پولیس اور فرانزک ٹیموں نے مقام کا دورہ کیا ہے جبکہ موقع سے گولیوں کے خول قبضے میں لے لئے ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ گولی چلانے والوں کا تعلق لارنس بشنوئی گینگ سے ہوسکتا ہے۔

بشنوئی گینگ کی جانب سے سلمان خان کو قتل کی دھمکیاں ملی تھیں۔

تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کے لیے نیا دور کا وٹس ایپ چینل جائن کریں

واضح رہے جیل میں قید گینگ وار سرغنہ لارنس بشنوئی اور گولڈی برار کی جانب سے متعدد بار سلمان خان کو قتل کرنے کی دھمکی دی گئی ہے جبکہ بھارتی ذرائع کے مطابق یہ حملہ آور انہی دونوں گینگ وار گروپ سے تعلق رکھتے ہیں۔

پچھلے برس نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ سلمان خان جیل میں قید گینگسٹر لارنس بشنوئی کی گینگ کے 10 بڑے اہداف میں شامل ہیں۔

این آئی اے کے مطابق بشنوئی گینگ اداکار کو قتل کرنے کی کوشش کر رہا ہے اور اس کی وجہ اداکار کی جانب سے 1998 میں کیا جانے والا کالے ہرن کا شکار ہے، جس پر بشنوئی کمیونٹی برہم ہوئی تھی۔

لارنس بشنوئی نے کچھ عرصہ قبل انکشاف کیا تھا کہ سمپت نہرا نامی شخص کو اداکار کو نشانہ بنانے کے لیے بھیجا گیا تھا جس نے ان کے گھر کی نگرانی بھی کی تھی اور منصوبے پر عمل سے قبل پولیس کی نظر میں آ گیا تھا اور اس کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔

پچھلے برس 11 اپریل کو بھی اداکار کو دھمکی دی گئی تھی جس کے بعد سلمان خان کے گھر کی سکیورٹی کو بڑھاتے ہوئے وائے پلس کا سٹیٹس دے دیا گیا تھا۔

ان کو مبینہ طور پر برطانیہ میں مقیم ایک انڈین طالب علم کی جانب سے دھمکی آمیز ای میل بھیجی گئی تھی، جس کے بعد اس کے خلاف لُک آؤٹ سرکلر بھی جاری کیا گیا تھا۔

 اسی طرح ایک دھمکی آمیز خط سلمان خان کے والد کو بھی اس وقت دیا گیا تھا جب وہ ایک پارک میں واک کر رہے تھے۔

27 جون 2023 کو کینیڈا میں مقیم گینگسٹر گولڈی برار نے بھی سلمان خان کو دھمکی دیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ انہیں ہر حال میں نشانہ بنائیں گے۔