حکومت نے ملک بھر میں 27 فروری کو ’ سرپرائز ڈے‘ منانے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ بھارت اس دن کو ’ندامت‘ کے طور پر یاد رکھے گا۔
یاد رہے کہ 27 فروری 2019 کو بھارت کو اپنی فضائی جارحیت انتہائی مہنگی پڑی تھی جب پاکستان جانبازوں نے ناپاک عزائم لے کر پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہونے والے بھارتی طیارے کو مار گرایا تھا۔ پاکستان نے بھارتی طیارے کے پائلٹ ونگ کمانڈر ابھی نندن کو گرفتار کر کے بھارت کو پیغام دیا تھا کہ پاکستان کی فوج ہر قسم کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔
اس دن کو یادگار بنانے کیلیے حکومت نے 27 فروری کو سرپرائز ڈے کے طور پر منانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس دن آپریشن کے ہیرو پائلٹ حسن صدیقی اور ونگ کمانڈر نعمان علی خاں سمیت پاک فضائیہ کو خراج تحسین پیش کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ بھارت نے 14 فروری کو پلوامہ میں بھارتی فوج پر ہونے والے خودکش حملے کا الزام پاکستان پر لگا کر 26 فروری کو پاکستان کے علاقے بالاکوٹ میں پے لوڈ گرانے کے بعد پاکستان میں 300 سے زائد انتہا پسند مارنے کا دعویٰ کیا تھا۔ ان تمام دعوؤں کی تردید کے لیے پاکستان نے بالاکوٹ میں بھارتی طیاروں کی فضائی بمباری والے مقام پر غیر ملکی صحافیوں، ملٹری اتاشیوں اور سفیروں کو لے جا کر معائنہ کروایا تھا۔
بھارت کی جانب سے بالاکوٹ میں حملے کے اگلے ہی روز، 27 فروری کو پاکستان نے سرحدی حدود کی خلاف ورزی پر بھارتی طیار مار گرایا اور پائلٹ ابھی نندن کو گرفتار کر لیا جسے بعد ازاں وزیر اعظم عمران خان نے امن کے فروغ کے لیے رہا کر دیا تھا۔
بھارتی پائلٹ نے گرفتاری کے بعد اپنے بیان میں پاکستان کی مہمان نوازی کی تعریف کی تھی اور پاکستان کی افواج کے پیشہ وارانہ رویے کو بھی سراہا تھا۔
https://www.youtube.com/watch?v=vz9z_LfwO58