اسد منیر کی خودکشی، نیب ایک بار پھر تنقید کی زد پر

نیب کی جانب سے  بدعنوانی اور کرپشن کے ریفرنس کی منظوری دیے جانے کے اگلے روز ہی سابق ممبر اسٹیٹ سی ڈی اے، آئی ایس آئی کے سابق افسر اور ممتاز دفاعی تجزیہ کار بریگیڈیئر ریٹائرڈ اسد منیر نے خودکشی کر لی ہے۔ ان کی لاش اسلام آباد میں ڈپلومیٹک انکلیو کے علاقے سے ملی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اسد منیر کی لاش ایک نجی فلیٹ سے ملی جو پنکھے سے جھول رہی تھی۔ پولیس نے لاش کو ورثا کے حوالے کر دیا ہے کیوں کہ انہوں نے لاش کا پوسٹ مارٹم کروانے سے انکار کر دیا تھا۔

https://youtu.be/4y-2L00rI5Q

ایس ایچ او تھانہ سیکرٹریٹ کے مطابق بریگیڈیئر ریٹائرڈ اسد منیر نے خودکشی کی ہے اور اب ان کی لاش ورثاء کے حوالے کر دی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ  اسد منیر نے خودکشی سے قبل نیب کی ناانصافی پر چیف جسٹس کو خط بھی لکھا تھا۔

انہوں نے خودکشی سے قبل ایک نوٹ بھی چھوڑا جس میں انہوں نے لکھا، میں میڈیا کے روبرو ہتھکڑیوں میں پیش ہو کر اپنی بے عزتی نہیں کروانا چاہتا۔

یاد رہے کہ سی ڈی اے سے ہٹائے جانے کے چھ برس بعد وزارت داخلہ نے ان کا نام ای سی ایل میں ڈالا جس پر انہوں نے سیکرٹری داخلہ کو بھی خط لکھا تھا۔