پاکستان کے لیجنڈ بائولر شعیب اختر نے ویرات کوہلی کے ناقدین کو کرارا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ بین الاقوامی میچوں میں 70 سنچریاں بنانا خالہ جی کا گھر نہیں ہیں۔ یہ کارنامہ انہوں نے کینڈی کرش گیم کھیل کر سرانجام نہیں دیا۔ کوئی بڑا کھلاڑی ہی ایسی کارکردگی دکھا سکتا ہے۔
خیال رہے کہ جب سے ویرات کوہلی خراب فارم سے گزر رہے ہیں، انھیں مسلسل ٹیم سے ڈراپ کرنے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔ ایسے میں کئی تجربہ کار کھلاڑی بھی ان کی حمایت میں اتر رہے ہیں۔ شعیب اختر ان میں سے ہی ایک ہیں۔
کوہلی گذشتہ تین سالوں سے بین الاقوامی سطح پر سنچری بنانے میں کامیاب نہیں ہو سکے اور کافی عرصے سے خراب فارم میں چل رہے ہیں۔ اب انہیں ہندوستانی ٹیم سے ڈراپ کرنے کا مطالبہ کیا جارہا ہے جس میں سابق ورلڈ کپ فاتح کپتان کپل دیو کا نام بھی شامل ہے۔
شعیب اختر نے کہا کہ وہ کپل دیو کی رائے کا احترام کرتے ہیں کیونکہ وہ یہ بات کہہ سکتے ہیں، وہ خود ایک لیجنڈ کھلاڑی ہیں۔ ان کو ہی یہ بات زیب دیتی ہے لیکن کسی اور کو حق نہیں پہنچتا کہ وہ ویرات کوہلی کی پرفارمنس پر بات کرے۔
https://twitter.com/shoaib100mph/status/1548252202208096256?s=20&t=U6Sl9xcmXMM1mZdyWzoWsQ
شعیب اختر کا کہنا تھا کہ کپل دیو میرے سینئر ہیں اور ان کا ایک وژن ہے اور وہ اپنے خیالات کا اظہار ٹھیک طریقے سے کر سکے ہے۔ میں ان کے خیالات کا احترام کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ میں بطور ایک پاکستانی کھلاڑی میں ویرات کوہلی کی حمایت کیوں کر رہا ہوں؟ یہ حمایت اس لئے ہے کہ ان کے نام 70 بین الاقوامی سنچریاں ہیں۔ یہ کارنامہ کوئی چھوٹی چیز نہیں ہے۔ گذشتہ دہائی میں کرکٹ نے کوئی لیجنڈ پیدا کیا ہے تو اس کا نام ویرات کوہلی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ سن کر بھی دکھ ہوا کہ کوہلی کو ٹیم سے ڈراپ کرنے کی باتیں ہو رہی ہیں۔ کوہلی کے ٹیم سے ڈراپ ہونے کے بارے میں سن کر مجھے ہنسی آتی ہے۔ وہ گذشتہ 10 سالوں میں دنیا کے بہترین بلے باز رہے ہیں۔
پاکستانی لیجنڈ نے ویرات کوہلی کو مشورہ دیا کہ وہ کپتانی کو بھول کر کھلے ذہن کے ساتھ کرکٹ کھیلیں۔ 'کوہلی کو بھول جانا چاہیے کہ وہ کبھی ہندوستان کے کپتان تھے۔ ان کو صرف اپنی بیٹنگ پر توجہ دینی چاہیے۔
ٹیگز: Cricket, India, pakistan, shoaib akhtar, sports, virat kohli, انڈیا, پاکستان, سپورٹس, شعیب اختر, کرکٹ, کھیل, ویرات کوہلی