کراچی: ڈاکوؤں نے شہری کو لوٹا پھر گلے لگا کر سامان واپس کر دیا، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل

کراچی: ڈاکوؤں نے شہری کو لوٹا پھر گلے لگا کر سامان واپس کر دیا، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل
پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں سٹریٹ کرائم اور ڈکیتی کی وارداتیں عام بات ہیں، لیکن حال ہی میں سٹریٹ کرائم کی ایک انوکھی واردات کو کیمرے کی آنکھ نے محفوظ کر لیا۔

کراچی میں ہونے والی سٹریٹ کرائم کی ایک واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج سوشل میڈیا پر کافی وائرل ہو رہی ہے جسے دیکھنے والے شہری سٹریٹ کرمنلز کے ہمدردانہ رویے سے بہت متاثر ہو رہے ہیں۔

سی سی ٹی وی فوٹیج میں فوڈ ڈیلیوری بوائے کو گلی میں واردات کا نشانہ بنتے دیکھا جاسکتا ہے، ڈیلیوری بوائے گاہک سے پیسے لے کر جیسے ہی موٹر سائیکل کی طرف آتا ہے تو موٹر سائیکل پر سوار 2 ملزمان پہنچ کر اسے اسلحہ کے زور پر یرغمال بنا لیتے ہیں۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک ملزم نوجوان سے نقد رقم، موبائل فون اور دیگر چیزیں چھین لیتا ہے جب کہ اس دوران فوڈ ڈیلیوری رائیڈر نے ملزمان کو کچھ کہا اور رونے لگ گیا۔ اس دوران نوجوان سے لوٹ مار کرنے والے ملزم کو شاید اس پر ترس آگیا اور چھینی ہوئی تمام چیزیں رائیڈر کو نہ صرف واپس کیں بلکہ اسے گلے بھی لگایا۔

سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ موٹر سائیکل چلانے والا ملزم بھی رائیڈر سے ہاتھ ملاتا ہے اور ملزمان جاتے ہوئے فوڈ ڈیلیوری بوائے سے پھر ہاتھ ملاتے ہیں اور اس کے ساتھ ہی اس کے کندھے پر ہاتھ رکھ کر تھپتھپاتے ہیں۔

ملزمان کے جانے کے بعد بھی رائیڈر کو روتا ہوا دیکھا گیا۔

خیال رہے کہ سوشل میڈیا پر انسانیت کے نام سے یہ ویڈیو وائرل ہورہی ہے تاہم پولیس حکام کے مطابق یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ یہ ویڈیو کراچی کی ہے تو شہر کے کس تھانے کی حدود کی ہے۔