Get Alerts

لوگوں نے گھروں پر پیٹرول ذخیرہ کر لیا ہے، پیٹرول کی قلت پر معاون خصوصی پیٹرولیم کا انوکھا مؤقف

لوگوں نے گھروں پر پیٹرول ذخیرہ کر لیا ہے، پیٹرول کی قلت پر معاون خصوصی پیٹرولیم کا انوکھا مؤقف
وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے پیٹرولیم ندیم بابر کا کہنا ہے کہ لوگوں نے گھروں یا غیرقانونی پیٹرول پمپس پر پیٹرول ذخیرہ کرلیا ہے۔

وزیراعظم کی زیر صدارت ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وزرا نے پیٹرول بحران پر تحفظات کا اظہار کیا جب کہ معاون خصوصی ندیم بابر وزیراعظم اور کابینہ ارکان کے تحفظات دور کرنے میں ناکام رہے۔

ذرائع کے مطابق ندیم بابر کا کہنا تھا کہ ملک میں پیٹرول کے حوالے سے چھوٹی سطح کی 10 ہزار ایجنسیاں موجود ہیں، لوگوں نے گھروں یا غیرقانونی پیٹرول پمپس پر پیٹرول ذخیرہ کر لیا ہے۔

وفاقی کابینہ کے ارکان نے پیٹرول کی قلت کے بارے میں ندیم بابر کا مؤقف مسترد کر دیا، کابینہ ارکان کا کہنا تھا کہ اتنے بڑے پیمانے پر پیٹرول کی قلت چھوٹی سطح پر ذخیرہ اندوزی سے نہیں ہوسکتی۔

ذرائع کے مطابق کابینہ ارکان کا کہنا تھا کہ تین دن میں پیٹرول کا بحران ختم نہیں ہوسکا تو اب نیا مؤقف سامنے لے آئے ہیں۔

کابینہ اجلاس میں وزیراعظم نے کرونا کی وبائی صورت حال کو بڑا چیلنج قرار دیتے ہوئے کرونا ریلیف ٹائیگر فورس کو ملک بھر میں متحرک کرنے کا حکم دیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے ہر شہر اور گلی محلے میں ٹائیگر فورس کی خدمات لینے کی ہدایت کرتے ہوئے ہدایت کی کہ انتظامیہ کی مدد کے لیے ٹائیگر فورس کو یونین کونسل سطح پر متحرک کیا جائے۔

ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ نے پہلی قومی الیکٹرک وہیکل پالیسی کی باضابطہ منظوری دے دی ہے۔ وزیر اعظم عمران خان کے مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے کابینہ کو بریفنگ میں بتایا کہ ملک میں، موٹرسائیکل، رکشہ اور بسیں بجلی پر منتقل کی جائیں گی اور پہلے مرحلے میں 5 لاکھ وہیکل بجلی پر منتقل ہوں گی۔