سینیٹ انتخابات سے قبل وزیر اعظم کی جانب سے فنڈز کی تقسیم کا کیس: الیکشن کمیشن نے پیپلز پارٹی کی درخواست مسترد کردی

سینیٹ انتخابات سے قبل وزیر اعظم کی جانب سے فنڈز کی تقسیم کا کیس: الیکشن کمیشن نے پیپلز پارٹی کی درخواست مسترد کردی
الیکشن کمیشن آف پاکستان  نے سینیٹ انتخابات سے قبل وزیراعظم کی جانب سے اراکین اسمبلی کو ترقیاتی فنڈز دینے سے متعلق پیپلز پارٹی کی درخواست ناقابلِ سماعت قرار دے کر مسترد کردی۔

الیکشن کمیشن کے رکن خیبر پختونخوا ارشاد قیصر کی سربراہی میں 3 رکنی کمیشن نے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے سیکریٹری جنرل نیئر بخاری نے ارکان اسمبلی کو فنڈز جاری کرنے پر وزیر اعظم کے خلاف درخواست کی سماعت کی۔

سماعت میں درخواست گزار نیئر بخاری نے کہا کہ وزیر اعظم نے ہر رکن کو 50 کروڑ روپے کے فنڈز دینے کی یقین دہانی کروائی تھی۔

ییئر بخاری نے مزید کہا کہ عمران خان نے الیکشن کمیشن کی بھی توہین کی ہے، بادی النظر میں یہ کرپٹ پریکٹسز کا کیس ہے۔

رہنما پیپلز پارٹی کا یہ بھی کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے 4 اراکینِ اسمبلی نے ٹی وی پروگرام میں فنڈز لینے کا اعتراف کیا تھا۔

جس پر کمیشن نے اعتراض کیا کہ کیا ان چار ارکان کو درخواست میں فریق نہیں بنانا چاہیے تھا جس پر نیئر بخاری نے درخواست کی کہ الیکشن کمیشن عمران خان کو طلب کرے اور اعتراف کرنے والے چار ارکان کو بھی طلب کیا جائے۔

رکنِ خیبرپختونخوا ارشاد قیصر نے کہا کہ انتخابات سے متعلق ضابطہ اخلاق میں وزیر اعظم کی جانب سے فنڈز کے اجرا کا کوئی ذکر نہیں ہے۔

بعدازاں الیکشن کمیشن نے وزیر اعظم کے خلاف درخواست قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کرلیا جسے کچھ ہی دیر میں سناتے ہوئے حسین بخاری کی درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد کر دی.