سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے وزیراعظم شہباز شریف کو ٹیلی فون کر کے انہیں منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی۔
وزیر اعظم آفس میڈیا ونگ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق سعودی ولی عہد نے وزیر اعظم کو دوبارہ منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے سعودی ولی عہد کا شکریہ ادا کیا اور انہیں سرکاری دورے کی دعوت دی جس پر محمد بن سلمان نے ان کا شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہا تھا کہ پاکستانی عوام سعودی شاہی مہمانوں کے پرتپاک استقبال کے منتظر ہیں۔سعودی ولی عہد کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک میں قریبی برادرانہ تعلقات ہیں۔
تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کے لیے نیا دور کا وٹس ایپ چینل جائن کریں
وزیراعظم نے حرمین شریفین کے متولی شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی صحت و تندرستی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور سعودی قیادت اور عوام کو رمضان المبارک کی مبارکباد دی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ دعا ہے کہ ماہ مقدس کی بدولت تمام دنیا کے مسلمانوں کیلئے امن و خوشحالی ہو۔
شہباز شریف نے کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ اپنے تاریخی، ثقافتی اور گہرے برادرانہ تعلقات پر فخر ہے۔ دونوں ممالک نے ہرمشکل میں ایک دوسرے کی مدد کی۔
سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات ہیں۔ انہوں نے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔