لطیف مغل: بے لوث، مخلص، باشعور اور وفادار سیاسی کارکن

لطیف مغل: بے لوث، مخلص، باشعور اور وفادار سیاسی کارکن
تین سال قبل پاکستان پیپلز پارٹی نے ایک ایسے انمول شخص کو کھویا جس نے زندگی کی آخری سانس تک پاکستان پیپلز پارٹی سے وفا کی۔ مزدور رہنما اور پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے سابق سیکریٹری اطلاعات لطیف مغل کو انکے تیسرے یوم وفات پر خراج عقیدت پیش کرتا ہوں، جنہوں نے ضیاء کی آمریت کے خلاف بھرپور جدوجہد کی اور ہمیشہ مزدوروں کے حقوق کا دفاع کیا۔ لطیف مغل جیسے بے لوث، مخلص، باشعور اور وفادار سیاسی کارکن کسی بھی پارٹی کا بہت بڑا سرمایہ ہوتے ہیں، اور لطیف مغل نے اپنے عمل سے ثابت کیا کہ وہ ایک بے لوث سیاسی کارکن ہیں۔ لطیف مغل قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کے سچے پیروکار اور محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے جانثار کارکن تھے اور انکے ساتھ ہونے والی ملاقاتوں میں ہمیشہ کچھ نا کچھ سیکھنے کو ملتا تھا۔

سال 2011 میں جب وہ پی پی پی کراچی ڈویژن کے سیکریٹری اطلاعات تھے تو میں پیپلز پارٹی کلچرل ونگ کراچی ڈویژن کے سیکریٹری اطلاعات کی حیثیت سے اپنے فرائض سرانجام دے رہا تھا، میرا ان کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ یادگار ہے، وہ پروقار شخصیت کے مالک تھے۔ 2014 میں بلاول ہاؤس کراچی میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی زیر صدارت پیپلز پارٹی کے رہنماؤں اور بلاول ہاؤس میڈیا سیل کے اراکین کا میڈیا اور سوشل میڈیا کی پالیسیوں ک حوالے سے ایک اجلاس منعقد ہوا، جس میں لطیف مغل بھی موجود تھے جہاں میں نے انکی ایک بات سے اختلاف کیا مگر اس کے باوجود انہوں نے مجھ سے اجلاس کے بعد کوئی گلہ نہیں کیا۔ ورنہ عام طور پر اختلاف کرنے والے کو آج کے دور میں پسند ہی نہیں کیا جاتا۔

لطیف مغل وہ باغبان تھے جن کے لگائے ہوئے پودے آج تن آور درخت بن چکے ہیں۔ لطیف مغل کے انتقال سے پیپلز پارٹی کراچی میں پیدا ہونے والا خلاء کبھی پر نہیں ہوسکا۔ لطیف مغل کی بیٹی ثمرہ لطیف مغل بھی کافی متحرک اور باصلاحیت سیاسی کارکن ہیں۔ ثمرہ لطیف مغل پیپلز پارٹی سوشل میڈیا ٹیم کی بانی اراکین میں سے ایک ہیں جو پارٹی میں فعال کردار ادا کر رہی ہیں، انہیں دیکھ کر لگتا ہے کہ وہ اپنے والد کے انتقال سے پیدا ہونے والے خلاء کو پر کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ مزدور رہنما مرحوم لطیف مغل کی محنت کشوں اور مزدوروں کے حق میں کی جانے والی جدوجہد اور انکی سیاسی و جمہوری خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

مصنف صحافت کے شعبے سے وابستہ ہیں۔ ٹوئٹر پر @UmairSolangiPK کے نام سے لکھتے ہیں۔