راولپنڈی اور مختلف علاقوں میں کنٹونمنٹ انتظامیہ نے سینکڑوں تعلیمی اداروں کو سیل کردیا ہے اور ملک بھر کے کنٹونمنٹ کے حدود میں نجی تعلیمی اداروں کے طلبا کا اپنے اداروں کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔
میڈیا کوآرڈینیٹر جوائنٹ ایکشن کمیٹی ابراراحمد خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کنٹونمنٹ انتظامیہ کا یہ اقدام علم دشمنی کے مترادف ہے اور کنٹونمنٹ انتظامیہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی غلط تشریح کر رہی ہے۔
انھوں نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ میں دائر نظرثانی کی اپیلوں کے فیصلے تک کنٹونمنٹ انتظامیہ کارروائی سے اجتناب کرے۔
ابرار احمد نے مزید کہا کہ سیل کیے گئے تعلیمی اداروں کو فوری طور پر ڈی سیل کیا جائے اور چیف جسٹس آف پاکستان، چیف آف دی آرمی سٹاف اور وزیراعظم فوری طور پر نوٹس لیں۔ میڈیا کوارڈینیٹر نے مزید کہا کہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے مختلف آپشنز پر غور کے لیے تمام تنظیموں کا ایک ہنگامی اجلاس طلب کرلیا۔