پاکستان پبلشرز اور بک سیلرایسوی ایشن کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ آن لائن شاپنگ کی ویب سائٹ دراز غیر قانونی طور پر جعلی کتابیں بیچ رہی ہے۔
نجم سیٹھی نے ایک کتاب کی تصویر دکھاتے ہوئے کہا کہ یہ دراز کی چوری کا ایک ثبوت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دراز کو ایسی کتابوں کی فروخت فوری بند کرنا ہوگی ورنہ ان کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے گی۔
نجم سیٹھی نے ممتاز محقق اور تاریخ کے پروفیسر ڈاکٹر اشتیاق احمد کی قائد اعظم محمد علی جناحؒ پر حال ہی میں لکھی گئی کتاب "Jinnah – His Successes, Failures and Role in History" کی تصویر ٹوئیٹ کی اور کہا کہ یہ دراز ویب سائٹ کی جانب سے چوری شدہ کتاب بیچنے کا محض ایک ثبوت ہے۔
پاکستان میں مصنفین کو چوری شدہ مواد بیچنے کے باعث اپنی رائلٹی سے اکثر محروم رہنا پڑتا ہے اور درجنوں ایسی ویب سائٹس آن لائن موجود ہیں جو چوری شدہ کتب بیچ رہی ہیں۔
یاد رہے کہ سینیئر صحافی نجم سیٹھی پبلشنگ ادارے Vanguard Books کے مالک بھی ہیں جو پاکستان کے بہت سے ممتاز مصنفین کی کتب شائع کر چکے ہیں۔ ڈاکٹر اشتیاق احمد کی اس کتاب کے حقوق بھی پاکستان میں اسی ادارے کی ملکیت ہیں۔