Get Alerts

'پروفیشنلز پر مبنی ایک اور سیاسی جماعت بنانے کی تیاریاں ہو رہی ہیں'

'پروفیشنلز پر مبنی ایک اور سیاسی جماعت بنانے کی تیاریاں ہو رہی ہیں'
شاہد خاقان عباسی کے حالیہ انٹرویو سے نظر آ رہا ہے کہ وہ اب ن لیگ کا حصہ نہیں رہے۔ نواز شریف سے ان کی ملاقات کو بھی آخری ملاقات بتایا جا رہا ہے۔ خبریں ہیں کہ ایک ایسی پارٹی پہ بھی کام چل رہا ہے جس میں تمام پروفیشنلز کو شامل کیا جائے گا اور انہیں پارلیمنٹ میں بھی لانے کی تیاریاں ہو رہی ہیں۔ ہو سکتا ہے شاہد خاقان عباسی کو اس قسم کا کوئی اشارہ ملا ہو۔ یہ کہنا ہے صحافی جاوید فاروقی کا۔

نیا دور ٹی وی کے ٹاک شو 'خبرسےآگے' میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے دو سابق وزرائے اعلیٰ کا عمران خان سے الگ ہو جانا بہت اچنبھے کی بات ہے۔ پی ٹی آئی کا حجم کم کرنے کی جانب یہ اہم پیش رفت ہے اور عمران خان کے لئے بہت بڑا دھچکا ہے۔ عمران خان کا کام تمام ہو چکا، اس الیکشن میں وہ کہیں نظر نہیں آ رہے۔

میزبان رضا رومی کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز چاہے زیادہ سیٹیں نہ بھی جیت پائے مگر پی ٹی آئی کی انتخابی سیاست کو شدید نقصان پہنچائے گی۔ تمام سیاسی منظرنامے میں عمران خان اس وقت تنہا رہ گئے ہیں، کوئی سیاسی قوت ان کے ساتھ نہیں موجود۔ بڑی چھوڑ، چھوٹی پارٹیاں بھی ان کے ساتھ نہیں کھڑی ہوئیں۔ دوسری جانب اسٹیبلشمنٹ نے تہیہ کر لیا ہے کہ انہیں اقتدار میں نہیں آنے دینا۔

پروگرام کے میزبان مرتضیٰ سولنگی تھے۔ 'خبرسےآگے' ہر پیر سے ہفتے کی شب 9 بج کر 5 منٹ پر نیا دور ٹی وی سے پیش کیا جاتا ہے۔