Get Alerts

وادی شیشی کوہ میں سکول جاتے ہوئے دو بہن بھائی دریا میں گر کر جاں بحق

وادی شیشی کوہ میں سکول جاتے ہوئے دو بہن بھائی دریا میں گر کر جاں بحق
وادی شیشی کوہ میں سکول جاتے ہوئے دو بہن بھائی دریا میں گر کر جاں بحق ہو گئے۔ دونوں کی لاشیں دریا سے برآمد کرکے سپرد خاک کر دیا گیا۔

تفصیل کے مطابق تحصیل دروش کے سیاحتی مقام وادی شیشی کوہ میں دو بہن بھائی سکول جاتے وقت دریا میں گر کر ڈوب گئے۔ سابقہ ناظم شیشی کوہ شیر محمد کے مطابق ڈوبنے والے دونوں بہن بھائی شیر عالم نامی شہری کے بچے تھے جو گاؤں لاوی کا رہائشی ہے۔

دونوں بچوں کیساتھ یہ افسوسناک واقعہ صبح سکول جاتے وقت دریا کا پل عبور کرتے وقت پیش آیا۔ جاں بحق ہونے والے بچوں کے نام آٹھ سالہ سلمان اور بارہ سالہ شازیہ بی بی ہیں۔ ژاو لاوی کے مقام پر بنائے گئے پل سے ان کا پائوں پھسلا اور دونوں بے رحم موجوں کی نذر ہو گئے۔

لاوی بجلی گھر کے ڈیم کے قریب مقامی لوگوں نے دونوں کی لاشیں دریا سے برآمد کرکے ورثا کے حوالہ کیں۔ دونوں کو آبائی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا ہے۔ علاقے کی معروف سماجی اور سیاسی شحصیت حاجی انذر گل نے ہمارے نمائندے کو فون پر بتایا کہ اس علاقے میں دریا پر اکثر جگہوں پر لکڑی کے جھولے پل بن چکے ہیں جن کی حالت انتہائی خراب ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سڑک بھی نہایت خطرناک ہے جس پر دریا کی جانب کوئی حفاظتی دیوار بھی نہیں ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اس سڑک اور آس پاس کے علاقوں میں بچے اور بڑے بھی اس قسم کے حادثات کا شکار ہوتے ہیں۔ انہوں نے صوبائی حکومت سے

مطالبہ کیا کہ شیر عالم کے ساتھ مالی مدد بھی کی جائے اور ساتھ ہی اس پل کو آر سی سی تعمیر کیا جائے تاکہ کسی اور بچے کا جان نہ لے۔