نیب نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو گرفتار کرلیا

نیب نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو گرفتار کرلیا
قومی احتساب بیورو نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو لاہور ٹول پلازہ سے گرفتار کر لیا۔ نیب نے شاہد خاقان عباسی کو آج ایل این جی کیس میں طلب کر رکھا تھا لیکن انہوں نے آج نیب میں پیش نہ ہونے کا فیصلہ کیا تھا۔

تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے سینئر نائب صدر اور سابق وزیر اعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی لاہور ٹول پلازہ سے گزر رہے تھے کہ وہاں موجود پولیس نے انہیں روکا اور بعد ازاں وہاں موجود نیب ٹیم نے انہیں گرفتار کرلیا۔ شاہد خاقان عباسی شہباز شریف کی پریس کانفرنس میں شرکت کے سلسلے میں احسن اقبال کے ساتھ لاہور جارہے تھے۔



چیئرمین نیب نے شاہد خاقان کے وارنٹ گرفتاری 2 روز پہلے جاری کیے تھے۔



دوسری جانب ترجمان مسلم لیگ ن نے بھی شاہد خاقان عباسی کی گرفتاری کی تصدیق کردی ہے۔ شہباز شریف نے شاہد خاقان عباسی کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے اسے سیاسی انتقام قرار دیا ہے۔

واضح رہے قومی احتساب بیورو کی جانب سے شاہد خاقان عباسی کو آج ایل این جی ٹرمینل کا ٹھیکہ مخصوص کمپنی کو دینے پر تحقیقات کے لیے طلب کیا تھا لیکن وہ نجی مصروفیات کے باعث نیب آفس میں پیش نہیں ہوئے۔