سماجی رابطوں کی مقبول ایپلی کیشن انسٹاگرام نے اپنے اہم فیچر میں تبدیلی پر کام شروع کردیا ہے۔ انسٹاگرام انتظامیہ کا کہنا ہے کہ لائکس کا بٹن صارفین کو ذہنی دباؤ کا شکار کر رہا ہے، اس مقابلے کو ختم کرنے کیلئے اس فیچر میں اہم تبدیلی پر کام شروع کر دیا گیا ہے۔
برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق فوٹو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام نے صارفین کو ذہنی دباؤ سے بچانے کے لیے لائکس کی تعداد چھپانے والے فیچر پر کام شروع کردیا ہے۔ فیچر میں اس تبدیلی کے بعد صارفین پوسٹ پر لائکس کی تعداد نہیں دیکھ سکیں گے۔
اس سے قبل انسٹاگرام نے لائکس کی تعداد چھپانے کا فیچر آزمائشی طور پر کینیڈا کے صارفین کے لیے ایکٹیو کیا تھا۔ اب اس فیچر کو آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، آئرلینڈ، جاپان اور برازیل میں متعارف کرایا جا رہا ہے۔
فیس بک ڈائریکٹر میا گارلک کا اپنے ایک بیان میں کہنا ہے کہ وہ امید کرتے ہیں اس آزمائش کے تحت نوجوانوں میں یہ فکر نہیں ہوگی کہ ان کی پوسٹ پر کتنے لائکس آئے بلکہ وہ اپنی پوسٹ کے مقصد پر متوجہ رہیں گے۔