Get Alerts

کیا جہانگیر ترین عمران خان سے رابطے کی کوشش کر رہے ہیں؟

کیا جہانگیر ترین عمران خان سے رابطے کی کوشش کر رہے ہیں؟
جہانگیر ترین اس وقت پاکستانی سیاست کا زخمی شیر کہلائے جانے کے لائق ہیں۔ ایسا زخمی شیر کہ جسے ڈھانے کو اس کے جھںڈ سے ہی شکاری میسر رہے تاہم اب جب کہ وہ گھائل کر دیا گیا ہے تو اس کے انتقام پر مبنی ردعمل سے سب لرزاں ہیں اور روز اس حوالے سے خبریں صحافتی و سیاسی حلقوں میں ہل چل پیدا کرتی ہیں۔

جہانگیر ترین لندن میں موجود ہیں تاہم وہ کیا کر رہے ہیں اور کہاں ہیں اس بارے میں روز خبریں آرہی ہیں۔ اس حوالے سے اب جیو نیوز کے لندن میں مقیم صحافی مرتضیٰ علی شاہ نے بتایا ہے کہ جہانگیر ترین نے  خاموشی اختیار کر لی ہے۔ وزیر اعظم عمران خان اور ان کے سابق دوست و پی ٹی آئی کے سینئر رہنما جہانگیر ترین کے درمیان کوئی بات چیت نہیں ہورہی، حکومت اور ترین گروپ کے با اعتماد ذرائع نے بتایا کہ جہانگیر ترین لندن کےعین باہر اپنے نیو بری فارم ہاؤس میں اپنے سیاسی مستقبل پر غوروخوص کر رہے ہیں۔

وزیر اعظم عمران خان نے پی ٹی آئی کےسابق سیکرٹری جنرل اور اپنے مرکزی اسپانسر سے کئی ہفتوں سے کوئی بات چیت نہیں کی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس وقت دونوں کے درمیان کوئی رابطہ نہیں اور گرم جوشی اور اعتماد کے تعلقات موجود نہیں رہے۔ ترین ایک چارٹرڈ طیارے سے دو ہفتہ قبل لندن آئے تھے اور ان کا کہنا تھا کہ وہ علاج کیلئے لندن جا رہے ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ ترین اس بات سے خوش نہیں کہ ان کے ساتھیوں نے ان کے ساتھ کیسا رویہ اختیار کیا ہے اور انہیں یقین ہے کہ انہیں کچھ عرصہ قبل تک اہمیت دینے والے لوگ اب بے جان جیسا رویہ اختیار کر رہے ہیں۔