پاکستان کے سابق ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ فیض حمید کے بھائی نجف حمید کو کرپشن کے الزام میں گرفتارکرلیاگیا۔
نائب تحصیل دار محکمہ مال چکوال سردار نجف حمید ، سابق صوبائی وزیر حافظ عمار یاسر اور دیگر کے خلاف تھانہ اینٹی کرپشن ہیڈ کوارٹر راولپنڈی میں درج مقدمہ نمبر 16/23 میں نامزد تھے اور انہوں نے عبوری ضمانت کروا رکھی تھی۔ ان کے خلاف فراڈ سیکشن 420.468 اور 471 کے تحت مقدمہ درج ہے۔
مقدمہ کی سماعت آج سپیشل جج اینٹی کرپشن راولپنڈی علی نواز بھکر کی عدالت میں ہوئی۔ عدالت کی جانب سے سردار نجف حمید کی ضمانت منسوخ کیے جانے پر سرکل آفیسر اینٹی کرپشن چکوال ناصر عزیز خان کی قیادت میں محکمہ اینٹی کرپشن چکوال کی ٹیم نے سردار نجف حمید کو گرفتار کرلیا۔
محکمہ انسداد رشوت ستانی کا عملہ نجف حمید کو حراست میں لے کر چکوال روانہ ہوگیا۔ انہیں کل جسمانی ریمانڈ کیلئے عدالت پیش کیا جائے گا۔
تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کے لیے نیا دور کا وٹس ایپ چینل جائن کریں
واضح رہے کہ گزشتہ سال اپریل میں اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ نے سابق ڈی جی انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض حمید کے بھائی سردار نجف حمید خان کے خلاف مقررہ وقت سے پہلے ترقی اور آمدن سے زائد اثاثوں کی تحقیقات شروع کی تھیں۔
5 اپریل 2023 کو نجف حمید کی مبینہ کرپشن کی انکوائری شروع کرتے ہوئے اینٹی کرپشن نے نجف حمید کی زیر ملکیت زمینوں کا ریکارڈ طلب کیا تھا۔ اینٹی کرپشن راولپنڈی نے راولپنڈی اور چکوال کے ڈپٹی کمشنرز کو خط لکھ کر ان سے نجف حمید کی زیرِ ملکیت زمینوں کا ریکارڈ مانگا تھا۔
خط میں لکھا گیا تھا کہ نجف حمید نے گرداور کے عہدے پر ترقی کے لیے کئی سینئرز کو سُپر سیڈ کیا ہے۔ نجف حمید کے آمدن سے زائد اثاثوں میں انکوائری کی جا رہی ہے اس لیے ان کے ملکیتی زمین کی تفصیل درکار ہے۔
16 فروری 2023 کو محکمہ مال چکوال کے افسران کی جانب سے بڑا کریک ڈاؤن کیا گیا جس کے نتیجے میں محکمہ مال چکوال کے 4 گرداور اور 8 پٹواریوں کو معطل کردیا گیا۔فیض حمید کے بھائی سمیت معطل ہونے والے گرداور اور پٹواریوں پر نازیبا رویے اور اختیارات سے تجاوز کا الزام ہے۔
اس ضمن میں راولپنڈی ڈویژن کے کمشنر آفس کی جانب سے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔ جس میں سردارنجف حمید خان کو فوری طور پر کمشنر آفس رپورٹ کرنے کا حکم دیا گیا۔
سردار نجف حمید خان جنرل (ر)فیض حمید کے بھائی ہونے کے ساتھ ساتھ پاکستان تحریک انصاف کے ممبر اور سرگرم رہنما بھی ہیں۔ دوران ملازمت ہی پی ٹی آئی کیلئے جلسے ،ریلیوں کا اہتمام کرتے رہے. انتخابات کے دوران الیکشن مہم میں بھی بھرپور حصہ لیتے رہے ہیں۔
20 مئی 2021 میں کمشنر راولپنڈی ڈویژن سید گلزار حسین شاہ نے نجف حمید خان (ڈی جی آئی ایس آئی جنرل فیض حمید کے بھائی) کو گرداور سے نائب تحصیلدار کے عہدے پر ترقی دی تھی۔ وہ ضلع چکوال میں پٹواری (لینڈ ریونیو آفیسر) کے طور پر خدمات انجام دے رہےتھے۔
اگلے روز آئی ایس آئی کے سابق سربراہ فیض حمید کے بھائی نجف حمید کی ناجائز ترقی کی خبر معروف انگلش اخبار ‘دی نیشن’ میں شائع کی گئی تاہم خبر کو ہٹا دیا گیا۔