Get Alerts

کرونا وائرس کی نئی قسم کا پھیلاؤ: بھارت سے شہریوں کی پاکستان آمد پر پابندی عائد کر دی گئی

کرونا وائرس کی نئی قسم کا پھیلاؤ: بھارت سے شہریوں کی پاکستان آمد پر پابندی عائد کر دی گئی
پاکستان نے بھارت میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو مدنظر رکھتے ہوئے بھارت سے آنے والے مسافروں پر پابندیاں عائد کردی ہیں۔ 

وفاقی وزیر اسد عمر کی زیر صدارت ہونے والے این سی او سی کے اجلاس میں بھارت میں کورونا کی نئی قسم کے وائرس کے پھیلاؤ پر بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ نئی قسم کا یہ وائرس بھارت میں کورونا کے پھیلاؤ کا سبب ہے۔

اجلاس میں بھارت کو دو ہفتے کے لیے سی کیٹیگری میں رکھنے کا فیصلہ کرتے ہوئے زمینی اور فضائی راستوں سے آنے والے مسافروں پر پابندی لگا دی گئی ہے.

یاد رہے کہ برطانوی اور افریقی قسم کے بعد بھارت میں ایک نیا قسم کا کرونا وائرس پھیل رہا ہے جس نے بھارت میں تباہی پھیلادی ہے۔

بھارت میں کورونا وائرس بے قابو ہوگیا جس کے بعد صرف 24 گھنٹوں کے دوران وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 2 لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ملک میں کورونا وائرس بے قابو ہوگیا ہے اور صرف ایک دن کے دوران ریکارڈ 2 لاکھ سے زائد مثبت کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد ملک میں اسپتالوں میں بیڈ اور آکسیجن سپلائی کی شدید قلت کا سامناہے۔

بھارتی وزارت صحت کی جانب سے جاری اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں 200،739 کیسز ریکارڈ ہوئے جب کہ 1038 اموات ہوئیں، کورونا وائرس کے باعث اب تک ایک کروڑ 40 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوئے جب کہ اموات کی تعداد ایک لاکھ 73 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے۔

دوسری جانب برطانوی وزیر اعظم کا دورہ بھارت بھی اسی وجہ سے منسوخ ہوگیا ہے۔