کرونا کا انڈین ویرینٹ چکن پاکس کی طرح پھیلتا ہے، پاکستان میں نئی قسم کا وائرس دریافت

کرونا کا انڈین ویرینٹ چکن پاکس کی طرح پھیلتا ہے، پاکستان میں نئی قسم کا وائرس دریافت
اگرچہ متعدد ممالک کی ہونے والی تحقیقات سے یہ بات ثابت ہوچکی ہے کہ اب تک سب سے زیادہ تیزی سے پھیلنے والی کورونا کی قسم ڈیلٹا ہے لیکن اب معلوم ہوا ہے کہ مذکورہ وائرس توقع سے زیادہ متعدی ہے۔
کورونا کی ڈیلٹا قسم کو بھارتی قسم بھی کہا جاتا ہے جو اب پوری دنیا میں پھیل چکی ہے۔
امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق امریکا کے سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پرونشن (سی ڈی سی) کی ایک رپورٹ کے مطابق کورونا کی ڈیلٹا قسم چکن پاکس کی طرح تیزی سے پھیلنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
سی ڈی سی کی مذکورہ رپورٹ کو تاحال عام نہیں کیا گیا لیکن جلد ہی اسے عام کرکے امریکا بھر میں ڈیلٹا وائرس سے بچنے کے لیے سخت احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایات کی جائیں گی۔

رپورٹ کے مطابق تاحال شائع نہ ہونے والی رپورٹ سے متعلق جب سی ڈی سی کے ڈائریکٹر سے معلوم کیا گیا تو انہوں نے تصدیق کی کہ مذکورہ تحقیق کو جلد شائع کرکے نئی احتیاطی تدابیر کی تجاویز دی جائیں گی۔
یہ بھی پڑھیں: آخر ڈیلٹا کورونا کی سب سے زیادہ تشویشناک قسم کیوں تصور کی جارہی ہے؟
سی ڈی سی کی مذکورہ تحقیقی رپورٹ کے مطابق ڈیلٹا کی قسم سب سے زیادہ متعدی ہے جو چکن پاکس یا خسرے کی طرح پھیلنے کی صلاحیت رکھتی ہے اور اس سے متاثرہ شخص متعدد افراد کو متاثر کر سکتا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ ڈیلٹا قسم سے متاثر ہونے والے کوئی بھی شخص آرام سے دیگر 8 افراد کو متاثر کر سکتا ہے اور اس وائرس کی خطرناک بات یہ ہے کہ اس کی علامات بھی تیز نہیں ہوتیں اور معمولی سے نزلے، زکام اور سردی سے بھی اس وائرس میں مبتلا ہونے کے امکانات ہوتے ہیں۔
پاکستان میں نئے قسم کے کرونا وائرس کی تشخیص
ملک میں کورونا کی بھارتی قسم کے بعد ایک اور نئی قسم سامنے آگئی۔
پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں کورونا کی بھارتی قسم (ڈیلٹا) کے بعد کیلیفورنیا ایپسیلون وائرس کا خطرہ سر اٹھانے لگا۔
لاہور میں کورونا وائرس کی نئی قسم کیلیفورنیا ایپسیلون وائرس کے کیسز سامنے  آنے لگے ہیں۔
سیکرٹری صحت پنجاب سارہ اسلم کا کہنا ہے کہ پنجاب میں اب تک 23 سیمپلز میں سے 5 میں کیلیفورنیا ایپسیلون کی تشخیص ہوئی ہے۔
خیال رہے کہ ملک میں کورونا کیسز میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے جبکہ صوبہ سندھ نے لاک ڈاؤن کا اعلان کیا ہے۔