پی ٹی آئی رہنما فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ شہباز گل پر تشدد وفاقی حکومت کی آشیرباد سے کہا گیا۔ لیکن اس کا سارا ملبہ اسٹیبلشمنٹ پر ڈال کر ہماری اس کیساتھ لڑائی کرانے کی کوشش کی جا رہی ہے لیکن ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ کیونکہ نواز شریف، مولانا فضل الرحمان، خواجہ آصف اور ایاز صادق کو ماضی میں فوج کیخلاف بیان دینے پر ننگا کرکے نہیں مارا گیا، اسی کو مدنظر رکھتے ہوئے شہباز گل نے اپنی لائن کراس کی۔
ایکسپریس نیوز کے پروگرام ''کل تک'' میں شہباز گل کیخلاف بغاوت کیس پر بات کرتے ہوئے فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ نہ تو عمران خان اور نہ ہی پی ٹی آئی ایسی سیاست کرنا چاہتی ہے اور نہ ہی کبھی کرے گی۔ شہباز گل کا بیان ذاتی ہے۔
تاہم ان کا کہنا تھا کہ اگر شہباز گل پر پولیس تشدد کیا جا رہا ہے تو میں کہتا ہوں کہ وہ اتنا ہی تشدد اپنے لیڈر نواز شریف سمیت تمام ان رہنمائوں پر کریں جو ماضی میں فوج کیخلاف بیانات دے چکے ہیں۔
فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ جب ہماری حکومت میں رانا ثناء اللہ پر منشیات کیس بنایا گیا تھا تو کابینہ میں میں نے اور فواد چودھری نے اس پر شدید احتجاج کیا تھا کہ ایسا نہ کیا جائے۔
ٹیگز: establishment, faisal vawda, government, Shahbaz Gill, Torture, تشدد, شہباز گل, فیصل واوڈا, وفاقی حکومت