تحریک انصاف کی حکومت کے دوسال میں عوام پر مہنگائی کا تودہ گرادیا گیا: ادارہ شماریات کی رپورٹ جاری

تحریک انصاف کی حکومت کے دوسال میں عوام پر مہنگائی کا تودہ گرادیا گیا: ادارہ شماریات کی رپورٹ جاری
تحریک انصاف حکومت کے اگست 2018 سے فروری 2021 کا دورانیہ عوام پر مہنگائی بم ثابت ہوا، چینی اوسط 38 روپے، آٹے کا تھیلا 199، گھی کا ڈبہ 265 روپے  فی کلو مہنگے ہوئے ادارہ شماریات کی تفصیلی رپورٹ جاری

اسلام آباد : ادارہ شماریات نے حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف کے اگست 2018 تا فروری 2021 کی رپورٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں میں اشیائے خوردنوش اور دیگر ضروریات کے سامان میں گزشتہ اڑھائی سال میں بے تحاشہ اضافہ سامنے آیا ہے.

ادارے نے کہا ہے کہ اگست 2018 میں چینی کی اوسط قیمت 55 روپے 59 پیسے فی کلو تھی جبکہ اب 39 روپے اضافے کے ساتھ چینی کی اوسط قیمت 93 روپے 59 پیسے فی کلو ہے. ادارے کے دستاویز میں لکھا گیا ہے کہ گزشتہ ‏اڑھائی سال میں گڑ 45 روپے 61 پیسے فی کلو مہنگا ہوا جبکہ  آٹے کا 20 کلو تھیلا 199 روپے مہنگا ہوا اور ایک کلو گھی کا ڈبہ 265 روپے مہنگا ہوا.


ادارے نے اپنے اعداد و شمار میں کہا ہے کہ اگست 2018 سے فروری 2021 تک دال ماش 106 روپے 94 پیسے دال مسور 42 روپے 30 پیسے فی کلو مہنگی جبکہ دودھ 19 روپے 72 پیسے فی لٹر مہنگا ہوا.


‏ادارے نے مزید کہا ہے کہ  دہی 19 روپے 87 پیسے فی کلو، انڈے 50 روپے 38 پیسے فی درجن، چاول 14 روپے 55 پیسے فی کلو مہنگے ہوئے.


ادارے نے مزید کہا ہے کہ اڑھائی سال میں ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 37 روپے فی کلو  مہنگا ہوا.

عبداللہ مومند اسلام آباد میں رہائش پذیر ایک تحقیقاتی صحافی ہیں۔