Get Alerts

انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر وزیراعظم عمران خان پر 50 ہزار روپے جرمانہ

انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر وزیراعظم عمران خان پر 50 ہزار روپے جرمانہ
الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے خیبر پختونخوا کے ضلع کرم میں منعقد جلسے میں وزیر اعظم کی شرکت اور خطاب کو الیکشن ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے عمران خان پر 50 ہزار روپے کا جرمانہ عائد کردیا۔

وزیراعظم عمران خان کو جرمانہ ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسر لوئر دیر کی جانب سے کیا گیا۔ ڈی ایم او کی جانب سے وزیراعظم کو 22 مارچ تک جرمانہ قومی خزانے میں جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ڈی ایم او نے ہدایت کی کہ جرمانہ جمع کروا کر رسید فراہم کی جائے۔

علاوہ ازیں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان، گورنر شاہ فرمان، شاہ محمود قریشی، اسد عمر، مراد سعید، پرویز خٹک، صوبائی وزیر انور زیب، ایم پی اے لیاقت علی، لوئردیر سے پی ٹی آئی کے 7 تحصیل چیئرمین امیدواروں کو بھی 50-50 ہزار روپے جرمانہ ادا کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

ڈی ایم او کے حکمنامے کے مطابق جلسے کے دوران سرکاری مشینری کا استعمال ہوا، سرکاری وسائل کے استعمال سے الیکشن نتائج پر اثرانداز ہوا جاسکتا ہے۔

دوسری جانب اسلام آباد ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے وزیر اعظم عمران خان اور وفاقی وزرا کی جانب سے مبینہ طور پر خیبرپختونخوا کے بلدیاتی انتخابات کی مہم کے دوران قوانین کی خلاف ورزی پر عبوری حکم نامہ جاری کرنے سے انکار کردیا۔

قبل ازیں ای سی پی کی جانب سے وزیر اعظم عمران خان، گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان، وزیر اعلیٰ محمود خان، وفاقی وزرا شاہ محمود قریشی، اسد عمر، مراد سعید، سمیت دیگر کو انتخابات سے قبل کینوسنگ کے قواعد کی مبینہ طور پر خلاف ورزی کرنے پر نوٹس جاری کیا تھا۔

یاد رہے کہ خیبرپختونخوا کے 35 اضلاع میں 18 اضلاع میں 31 مارچ کو دوسرے مرحلے بلدیاتی انتخابات کا انعقاد کیا جائے گا، دریں اثنا، پنجاب کے 36 اضلاع میں سے 17 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کا مئی کے اختتامی ہفتے میں کیا جائے گا۔