میرے خیال میں حکومت چھوڑ دینا بہتر ہے، مریم نواز شریف

میرے خیال میں حکومت چھوڑ دینا بہتر ہے، مریم نواز شریف
مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ لیگی قائد کا ماننا ہے کہ حکومت چھوڑ دونگا لیکن اپنے لوگوں پر بوجھ نہیں ڈالوں گا۔ مہنگائی کا طوفان لانے سے حکومت چھوڑنا بہتر ہے۔

سرگودھا میں مسلم لیگ ن کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ آج اگر ڈالر آسمان پر اور معیشت وینٹی لیٹر پر ہے تو اس کے ذمہ دار عمران خان ہیں۔ اگر حکومت کو پیٹرول کی قیمت بڑھانی پڑے تو اس کے ذمہ دار بھی وہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف اور شہباز شریف کیلئے کسی چیز کی قیمت ایک روپے بڑھانا بھی بہت مشکل کام ہے کیونکہ دونوں قائدین کو عوام کا احساس ہے۔ شہباز شریف آپ کی طرح نہیں، وہ آلو اور پیاز کی قیمت ٹھیک کرنے آئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کہتا ہے کہ حکومت چھوڑ دوں گا لیکن عوام پر بوجھ نہیں ڈالوں گا۔ عمران خان کی تباہی کا ٹوکرا اپنے سر نہیں لے سکتے۔ انہوں نے عوام سے سوال کیا کہ حکومت میں رہنا چاہیے یا چھوڑ دینی چاہیے؟

مریم نواز کا کہنا تھا کہ ہم اس لیے حکومت میں آئے کیونکہ عمران خان اگلے الیکشن پر بھی ڈاکا ڈالنا چاہتا تھا۔ ہم نے حکومت میں آکر اس کے پلان کو فیل کردیا۔ عمران خان اب آپ کچھ بھی کرو آپ کا کھیل ختم ہوگیا۔



انہوں نے کہا کہ کہا جاتا تھا کہ نواز شریف کی سیاست ختم ہو گئی لیکن انہوں نے عمران خان کی حکومت گرا کر اس کے 12 سالہ پلان کو فیل کردیا۔

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے پاکستان سے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ اور ملکی معیشت کو درست سمت میں گامزن کیا تھا لیکن ایک کھلنڈرے اور نااہل کو پاکستان کے عوام پر مسلط کیا گیا۔ نااہل کے آنے کے بعد لوڈشیڈنگ دوبارہ شروع ہوگئی، معیشت تباہ ہو گئی۔

لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ 4 سال میں ملک کو تباہ کرنے والا شہباز شریف سے 4 ہفتوں کا حساب مانگ رہا ہے۔ یہ شخص ایک منٹ بھی اپنی کارکردگی پر بات نہیں کرسکتا۔ پہلے اس جھوٹے شخص نے 35 پنکچر کا ڈرامہ کیا لیکن ثبوت نہیں دیا۔ اب جعلی خط لے آیا اس کا بھی کوئی ثبوت نہیں دیا۔ غیر ملکی سازش کا بھی جھوٹا ڈرامہ کیا۔