پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما اور پنجاب کے صوبائی عہدیدار خواجہ عامر رضا نے اپنے ایک بیان میں حکومت کی پالیسیوں کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے اور حکومتی جماعت کی خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات میں کارکردگی کو مایوس کن قرار دیا ہے۔
اپنے بیان میں عامر رضا کا کہنا تھا کہ پارٹی کی خیبر پختونخوا میں کارکردگی اسے جگانے کے لئے کافی ہونی چاہیے۔ یہ شکست سیاسی شعور، حکمت عملی اور عوامی رابطے میں کمی کا منہ بولتا ثبوت ہے،
پارٹی رہنما نے وزیر اعظم عمران خان کو بھی پیغام بھیجا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ آپ تک اصل حقائق نہیں پہنچائے جا رہے اور آپ کے یہ مشیر اور معاونینِ خصوصی کسی کام کے نہیں ہیں۔ اب وقت آ گیا ہے کہ ان نکمے اور نااہل لوگوں سے جان چھڑائیں جن کو آپ نے ارد گرد اکٹھا کر رکھا ہے۔
عام آدمی شدید مشکل میں ہے اور اب ڈلیور کرنے کا وقت آ چکا ہے۔
یاد رہے کہ تحریکِ انصاف کو خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات میں جمعیت علمائے اسلام (ف) سے بڑی شکست ملی ہے جس نے ناصرف پشاور میں حکومتی جماعت کو شکست دی بلکہ چار میں سے 3 میئر بھی بنانے میں کامیاب ہو گئی جب کہ ایک میئر کی سیٹ عوامی نیشنل پارٹی کے حصے میں آئی ہے۔
انتخابات میں حکومت کے اہم لیڈران بشمول مردان، کوہاٹ، صوابی اور پشاور سے اپنے گھر کی نشستیں بھی نہ جیت سکے۔