پنجاب کے وزیر اعلیٰ پرویز الہیٰ کے خلاف تحریک عدم اعتماد جیسے جیسے قریب آ رہی ہے، مختلف خبریں آنا شروع ہو گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق پی ڈی ایم پاکستان پیپلز پارٹی کو پنجاب کی وزارت اعلیٰ پیش کر سکتی ہے۔
یہ خبر اس وقت سامنے آئی ہے جب آصف علی زرداری کی مسلم لیگ (ق) کے صدر چودھری شجاعت حسین کے ساتھ ملاقات ہوئی ہے۔ پیپلز پارٹی کے ذرائع کے مطابق چودھری شجاعت حسین نے آصف زرداری کو پنجاب کی وزارت اعلیٰ کے لیے اپنی حمایت کا یقین دلایا ہے جس کے بعد یہ کہا جا رہا ہے کہ پیپلز پارٹی کا امیدوار متحدہ اپوزیشن کا مشترکہ امیدوار ہو سکتا ہے۔
ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ آصف زرداری اور چودھری شجاعت کے درمیان سیاسی ملاقاتوں میں تیزی دیکھنے میں آ رہی ہے۔ اس کے علاوہ آصف علی زرداری دیگر سیاسی رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں کر رہے ہیں تا کہ پنجاب کی وزارت اعلیٰ کے لیے اپنے امیدوار کے لیے حمایت حاصل کر سکیں۔
ذرائع نے بتایا کہ پیپلز پارٹی نے جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والی اہم سیاسی شخصیات کی ذمہ داری لگائی ہے کہ وہ پی ٹی آئی کے اراکین اسمبلی کو توڑ کر پیپلز پارٹی کی حمایت پہ راضی کریں۔
ذرائع نے بتایا کہ سابق صدر نے وزارت اعلیٰ کے لیے 3 ناموں پر غور شروع کر دیا ہے اور ان امیدواروں میں سید حسن مرتضیٰ، سید علی حیدر گیلانی اور عثمان محمود کے نام شامل ہیں تاہم حتمی نام کا فیصلہ آصف زرداری، چودھری شجاعت اور نواز شریف کی باہمی رضامندی سے ہو گا۔
یاد رہے کہ ایوان میں تحریک عدم اعتماد پیش کرنے کے علاوہ گورنر پنجاب نے وزیر اعلیٰ پنجاب کو اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ لینے کا بھی کہا ہے اور وزیر اعلیٰ کے لیے اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے کے لیے بدھ 21 دسمبر کا دن مقرر کیا گیا ہے۔