بھارتی عام انتخابات کا آخری مرحلہ ختم ہونے کے بعد ایگزٹ پولز جاری کیے گئے ہیں اور زیادہ تر ایگزٹ پولز نے نریندر مودی کی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی اور اس کے اتحادیوں کی جیت کی پیشگوئی کی ہے۔
ہندی بیلٹ کی ریاستوں سے بی جے پی کی پھر سے کامیابی کا امکان ہے جب کہ مغربی بنگال میں ممتا بینرجی کے قلعے میں بھی دراڑ کے آثار نظر آنے لگے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق لوک سبھا (قومی اسمبلی) کے انتخابات کے ساتویں مرحلے میں 8 ریاستوں کی 59 نشستوں پر پولنگ کا عمل ہوا جس میں 10 کروڑ سے زائد رجسٹرڈ ووٹرز نے اپنے پسندیدہ امیدواروں کو ووٹ کاسٹ کئے۔
ووٹنگ کے دوران ریاست اتر پردیش، بہار، پنجاب اور مغربی بنگال میں حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی اور اپوزیشن امیدواروں کے درمیان کانٹے کے مقابلے کی توقع ہے۔
وزیراعظم نریندر مودی بھی امیدواروں میں شامل ہیں جو وراناسائی سے الیکشن لڑرہے ہیں۔
یاد رہے کہ 11 اپریل سے شروع ہونا انتخابی عمل آج مکمل ہوگیا ہے جس کے دوران مختلف ریاستوں میں 7 مراحل کے دوران ووٹنگ ہوئی اور 23 مئی کو ووٹوں کی گنتی کے بعد اُسی روز انتخابی نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔