Get Alerts

چیئرمین سینیٹ نے اسپیکر بھارتی لوک سبھا کی دورہ بھارت کی دعوت مسترد کردی

چیئرمین سینیٹ نے اسپیکر بھارتی لوک سبھا کی دورہ بھارت کی دعوت مسترد کردی
چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے اسپیکر بھارتی لوک سبھا کی جانب سے دورہ بھارت کی دعوت کو مسترد کردیا۔

اسپیکر بھارتی لوک سبھا شری اوم برلا نے پاکستان کے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو بھارت کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی صد سالہ تقریب میں شرکت کی دعوت دی جس کو چیئرمین سینیٹ نے مسترد کردیا۔

چیئرمین سینیٹ نے بھارتی دعوت کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ 5 اگست کے غیر قانونی اقدام کو واپس لینے تک بھارت کی کسی تقریب میں شرکت نہیں کروں گا، مودی حکومت نے کشمیریوں کو خصوصی حیثیت دینے والی آئینی شقوں 370 اور 35 اے ختم کر کے ظلم ڈھائے۔

ذرائع کے مطابق پی اے سی صد سالہ تقریب سے بھارتی صدر اور وزیراعظم نے خطاب کرنا تھا۔

یاد رہے اکتوبر میں بھارتی لوک سبھا کے اسپیکر اوم بریلہ نے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے نام خط لکھا تھا ، جس میں انھوں نے چیئرمین سینیٹ کو دورہ بھارت کی دعوت دی تھی۔ اسپیکر بھارتی لوک سبھا کا خط میں کہنا تھا کہ پی اےسی 100سال سےعوامی اخراجات کی نگرانی کررہی ہے، اسپیکر لوک سبھا کی جانب سے صادق سنجرانی کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے تھا کہ صد سالہ تقریب میں آپ کی شرکت ہمارے لیے اعزاز ہوگا۔