Get Alerts

مجھے ثاقب نثار سے ملاقات کا افسوس ہے: شاہد خاقان عباسی

مجھے ثاقب نثار سے ملاقات کا افسوس ہے: شاہد خاقان عباسی
سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ میں اپنی زندگی میں صرف ایک '' چیف جسٹس'' سے ملا لیکن مجھے اس کا بہت افسوس ہے لیکن میں فی الحال اس ملاقات کی وجوہات بیان نہیں کر سکتا۔

ایک نجی ٹیلی وژن کو انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ میں اس شخص کا نام بھی اپنی زبان پر نہیں لانا چاہتا۔ میرا نہیں خیال کہ وہ اس قابل تھا کہ اسے ملک کا چیف جسٹس بنایا جاتا۔

ان کا کہنا تھا کہ مجھے یقین ہے کہ جسٹس شمیم جو کچھ کہہ رہے ہیں وہ بالکل درست ہے، اگرچہ میرے پاس اس حوالے سے کوئی ثبوت نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جہاں تک میری ملاقات کا تعلق ہے، اگر وہ یہاں موجود ہوتے تو ان کے سامنے ساری روداد بیان کر دیتا لیکن میں ابھی زیادہ تفصیل میں نہیں جانا چاہتا۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ اگر کوئی چیف جسٹس ہے تو اس کا طرز عمل کیا ہونا چاہیے، وہ کیا بات کرے گا اور اس کا ویژن کیا ہوگا۔ ہر کوئی اس کے بارے میں کچھ نہ کچھ تاثر رکھتا ہے لیکن میں اس ملاقات سے متاثر نہیں ہوا تھا۔

انہوں نے کہا اگر میں مستقبل میں کبھی کوئی کتاب لکھوں گا تو اس میں ملاقات کی تفصیلات بتاؤں گا لیکن میں صرف اتنا بتا سکتا تھا کہ اس ملاقات میں عدالتی معاملات پر بات نہیں ہوئی۔ پہلے آپ تحقیق کریں کہ یہ ملاقات کس کی ہدایت پر ہوئی؟ میں عدلیہ کے بارے میں بات نہیں کرنا چاہتا لیکن جب یہ عدلیہ خود کو اس طرح کی چیزوں میں ملوث اور خود کو ایکسپوز کرے گی تو لوگ اس پر بات بھی کریں گے۔