سابق چیف جسٹس ثاقب نثار پر تنقید کے معاملے پر مریم نواز اور شاہد خاقان عباسی کیخلاف توہین عدالت کی درخواست خارج کر دی گئی ہے۔ عدالت کی اپیل خارج کرنے کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا گیا ہے۔
مقامی وکیل نے شاہد خاقان عباسی اور مریم نواز کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ کے سنگل بینچ کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کی تھی،اسلام آباد ہائی کورٹ کے دو رکنی بینچ نے سنگل بینچ کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے انٹرا کورٹ اپیل خارج کردی۔
جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس ارباب محمد طاہر نے شاہد خاقان عباسی اور مریم نواز کے خلاف دائر توہین عدالت کی درخواستیں خارج کرنے کا تحریری فیصلہ جاری کیا،عدالت نے اپنے تحریری فیصلے میں کہا کہ درخواست گزار نہیں بتا سکے کہ کون سے عدالتی حکم کی خلاف ورزی ہوئی،کسی کے مطالبے پر توہین عدالت کی کارروائی نہیں کی جا سکتی۔
وکیل نے دائر درخواست میں موقف اپنایا تھا کہ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ اگر نواز شریف جیل جاسکتے ہیں تو ثاقب نثار کیوں نہیں، مریم نواز اور شاہد خاقان عباسی توہین عدالت کے مرتکب ہوئے۔ تو نے عدلیہ کے خلاف توہین آمیز الفاظ استعمال کیے۔
درخواست میں مزید کہا گیا تھا کہ سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے خلاف بات کرکے عدلیہ کو اسکینڈلائز کرنے کی کوشش کی گئی، درخواست میں استدعا کی گئی کہ مریم نواز اور شاہد خاقان عباسی کو توہین عدالت کے تحت سزا دی جائے۔