کراچی میں پشتونوں کے خلاف کریک ڈاؤن بند کیا جائے؛ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی

پشتون ہونے کے ناطے تمام ملک اور خصوصاً کراچی میں آئین اور قانون کے برخلاف پشتونوں کو تنگ کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ ہم سندھ کے ذمہ دار حکام سے مطالبہ کرتے ہیں کہ کراچی میں پشتونوں کی پکڑ دھکڑ اور انہیں تنگ کرنے کا سلسلہ فوری بند کروایا جائے۔

کراچی میں پشتونوں کے خلاف کریک ڈاؤن بند کیا جائے؛ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی

پشتونخوا ملی عوامی پارٹی سندھ نے صوبائی کمیٹی کے اجلاس میں کہا کہ افغان مہاجرین کے نام پر کراچی میں کئی دہائیوں سے آباد پشتونوں کے خلاف کریک ڈاؤن ملک کے آئین اور قانون کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ پشتونوں کے خلاف غیر آئینی، غیر انسانی اور امتیازی سلوک فوری بند کیا جائے۔

پشتونخوا ملی عوامی پارٹی سندھ کی صوبائی کمیٹی کا اجلاس صوبائی صدر سلیم خان ترین کے زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں مؤقف اپنایا گیا کہ آئین ملک کے ہر شہری کو کاروبار، تجارت، محنت مزدوری، رہائش اور بودوباش کی آزادی دیتا ہے لیکن پشتون ہونے کے ناطے تمام ملک اور خصوصاً کراچی میں آئین اور قانون کے برخلاف پشتونوں کو تنگ کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ ہم سندھ کے ذمہ دار حکام سے مطالبہ کرتے ہیں کہ کراچی میں پشتونوں کی پکڑ دھکڑ اور انہیں تنگ کرنے کا سلسلہ فوری بند کروایا جائے۔ انہوں نے انتظامیہ سے اپیل کی کہ پشتونوں کے خلاف سندھ میں پیدا ہونے والے تعصب کو ختم کیا جائے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی ملک اور سندھ کی صورت حال پر سندھ کی سیاسی، جمہوری اور وطن دوست پارٹیوں سے رابطہ کرے گی اور حالیہ مہنگائی کی ناقابل برداشت لہر کے خلاف لائحہ عمل بنائے گی۔

اجلاس میں ڈیورنڈ لائن پر تجارت بند کرنے کے عمل کو پشتونوں کا معاشی قتل قرار دیتے ہوئے اسے فوری طور پر بحال کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔

پشتونخوا ملی عوامی پارٹی نے 23 ستمبر 2023 کو کراچی میں پشتون قومی ثقافتی دن پروقار طریقے سے منانے کے عزم کا اظہار کیا اور بتایا کہ اس ضمن میں تمام تیاریاں مکمل کی جا چکی ہیں۔