19 اور 20 ستمبر کی درمیانی شب نامعلوم افراد نے گوئی بٹالی (سنیارہ) ضلع کوٹلی آزاد کشمیر کے قبرستان میں 3 احمدیوں کی قبروں کے کتبوں کو توڑ دیا۔
تفصیلات کے مطابق مذکورہ قبرستان میں احمدیوں کی 8 قبریں ہیں جن میں سے 4 پر کتبے لگے ہوئے تھے۔ ان میں سے 3 کے کتبے اکھاڑے گئے ہیں۔ واقعے کے بعد پولیس قبرستان پہنچی اور اس نے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔
جماعت احمدیہ کے مخالفین گوئی شرقی کوٹلی کے قبرستان کے حوالہ سے بھی انتظامیہ پر دباؤ ڈال رہے ہیں۔ قبل ازیں انتہا پسندوں نے سرکاری انتظامیہ کو 3 دن کا وقت دیا تھا اور کہا تھا کہ اگر جمعہ تک انتظامیہ نے احمدیوں کی قبروں کے کتبے نہ توڑے تو جمعہ کے بعد قافلے کی شکل میں لوگ قبرستان جائیں گے اور خود کارروائی کریں گے۔
واضح رہے کہ گوئی (برموج) کوٹلی آزاد کشمیر میں 7 اور 8 مارچ 2024 کو نامعلوم افراد نے 8 احمدیوں کی قبروں کے کتبے توڑ دیے تھے اور ٹوٹے ہوئے کتبوں کو ساتھ لے گئے تھے۔ اس افسوس ناک واقعہ کے چند روز بعد 12 مارچ کو اسی علاقے میں نامعلوم افراد مزید 2 احمدیوں کی قبروں کے کتبے توڑ کر ساتھ لے گئے تھے۔