قومی کرکٹ ٹیم کے ٹیسٹ کپتان اظہر علی کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کو تحریک دلانے کے لیے ترک ڈراما ارطغرل غازی دکھایا جا رہا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق اظہر علی نے پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ پہلے ٹیسٹ میں جیت کے دہانے پر پہنچنے کے بعد شکست کے باوجود ٹیم کے حوصلے بلند ہیں۔
اظہر علی نے کہا کہ ارطغرل ڈراما کھلاڑیوں کے حوصلے کو بلند کرنے کا باعث بن چکا ہے۔
واضح رہے کہ ترک ڈرامے ارطغرل غازی نے پاکستان میں مقبولیت کے تمام ریکارڈ توڑ دیے تھے اور اس سیریز کو پی ٹی وی سے بھی نشر کیا گیا تھا۔
قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ میرے خیال میں کوئی ایسا کھلاڑی نہیں ہے جو ارطغرل کو نہیں دیکھ رہا ہو۔
اظہرعلی کا کہنا تھا کہ پہلے میچ میں شکست کے بعد حوصلہ نہیں ہارنے کی وجہ ڈریسنگ روم میں ٹیم کے اندر بھائی چارہ ہے۔ میں خوش قسمت ہوں کہ میرے ساتھ بہترین لڑکے ہیں جو پاکستان کی جیت کے لیے بہت محنت کر رہے ہیں۔
کھلاڑیوں کی تعریف کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ آپس میں اچھی طرح گھل مل چکے ہیں، جس سے میرا کام بہت آسان ہوا ہے، اس لیے میری تمام تر توجہ حکمت عملی پر ہے۔ میں اس سے محظوظ ہورہا ہوں اور امید ہے کہ ہم اس ٹیسٹ میں کامیابی حاصل کریں گے اور آگے بڑھ جائیں گے۔
سیریز میں اب تک اپنی ناکامی پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں آخری اننگز میں بہت پراعتماد تھا اور کریز پر دو گھنٹے گزارنے کے بعد میں توازن بھی برقرار تھا۔ مجھے خود رنز کرنے کو یقینی بنانا بھی میری ذمہ داری ہے۔
یاد رہے کہ انگلینڈ نے پہلے ٹیسٹ میں 7 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی لیکن پاکستان کی ٹیم نے پورے میچ میں معیاری کھیل کا مظاہرہ کیا تھا۔ دوسرے ٹیسٹ میچ میں ابتدائی بلے بازوں کی ناکامی کے بعد محمد رضوان نے ذمہ داری نبھائی تھی اور ڈرا ہونے والے میچ میں بہترین کھلاڑی قرار پائے تھے۔ اس وقت پاکستان اور انگلینڈ تیسرے ٹیسٹ میچ میں مدمقابل ہیں۔