'بڑے عہدوں پر مرضی کے لوگ لگا دینے کا مطلب بلوچوں کو حقوق دینا نہیں'

ریاست کو بار بار یاد کروایا جاتا ہے کہ بلوچ مسنگ پرسنز کا مسئلہ دبانے سے مزید ابھرے گا۔ اتنی دور سے مظاہرین اسلام آباد پہنچے جن میں خواتین بھی شامل ہیں۔ بلوچستان کے قدامت پسند معاشرے سے خواتین کا اس طرح مارچ میں شامل ہو کر اسلام آباد آنا بہت معنی خیز ہے۔

'بڑے عہدوں پر مرضی کے لوگ لگا دینے کا مطلب بلوچوں کو حقوق دینا نہیں'

اس وقت نگران وزیر اعظم، سینیٹ چیئرمین اور چیف جسٹس سپریم کورٹ بلوچستان سے ہیں۔ اس بنیاد پر کہا جاتا ہے بلوچستان کو حقوق دے دیے ہیں۔ بلوچستان کو حقوق دینے کا یہ مطلب نہیں کہ بڑے بڑے عہدوں پر اپنی مرضی کے لوگ لگا دیں اور عوام کی اکثریت کے حقوق بھول جائیں۔ یہ کہنا ہے رضا رومی کا۔

نیا دور ٹی وی کے ٹاک شو 'خبرسےآگے' میں مہوش خان نے بتایا کہ دھرنے میں شامل جتنے لوگ مجھے ملے وہ سٹوڈنٹ تھے جن کا ایک ہی مطالبہ تھا کہ ان کے گمشدہ لوگوں کو رہا کیا جائے۔ پولیس کا دعویٰ کہ ان پر پتھر پھینکے گئے، قطعاً غلط ہے۔ ان کا احتجاج پرامن تھا مگر ان پر واٹر کینن پھینکے گئے اور آنسو گیس کے شیل برسائے گئے۔ اس کے بعد لاٹھی چارج کیا گیا اور مظاہرین کو حراست میں لیا گیا۔

مبشر بخاری کے مطابق ریاست کو بار بار یاد کروایا جاتا ہے کہ بلوچ مسنگ پرسنز کا مسئلہ دبانے سے مزید ابھرے گا۔ اتنی دور سے مظاہرین اسلام آباد پہنچے جن میں خواتین بھی شامل ہیں۔ بلوچستان کے قدامت پسند معاشرے سے خواتین کا اس طرح مارچ میں شامل ہو کر اسلام آباد آنا بہت معنی خیز ہے۔

ثاقب بشیر نے بتایا عمران خان کی درخواست پر اسلام آباد ہائی کورٹ نے کہا سزا ضرور معطل ہو سکتی ہے مگر عدالت کا فیصلہ معطل نہیں ہو سکتا۔ مختلف وجوہات کی بنا پر یہ درخواست خارج کر دی گئی۔ پی ٹی آئی یہ فیصلہ چیلنج کرے گی اور ان کی خواہش ہے نااہلی والا معاملہ سپریم کورٹ لے جائیں۔

پروگرام کے میزبان رضا رومی تھے۔ 'خبرسےآگے' ہر پیر سے ہفتے کی شب 9 بجکر 5 منٹ پر نیا دور ٹی وی سے پیش کیا جاتا ہے۔