وفاقی وزیر برائے انسداد منشیات اور سابق وزیراعلیٰ سندھ علی محمد خان مہر انتقال کر گئے

گھوٹکی: تحریک انصاف کے رہنماء، وفاقی وزیر برائے انسداد منشیات اور سابق وزیراعلیٰ سندھ علی محمد خان مہر دل کا جان لیوا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے۔

خاندانی ذرائع کے مطابق، مرحوم کو جس وقت دل کا دورہ پڑا، وہ اس وقت گھوٹکی میں اپنے گھر پر ہی موجود تھے۔

سردارعلی محمد خان مہر نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 205 سے آزاد حیثیت میں الیکشن لڑ کر کامیابی حاصل کی تھی تاہم بعدازاں وہ پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہو گئے تھے۔



یاد رہے کہ 2002ء کے عام انتخابات میں سردار علی محمد خان مہر آزاد حیثیت میں قومی اور صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر کامیاب ہوئے تھے اور وہ بعدازاں مسلم لیگ ق میں شامل ہو گئے۔

سردار علی محمد خان مہر 17 دسمبر 2002ء سے نو جون 2004 تک صوبے کے 25 ویں وزیراعلیٰ رہے جس کے بعد وہ اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے۔

سردار علی محمد خان مہر 2008ء میں آزاد امیدوار اور 2013 میں پیپلز پارٹی کی ٹکٹ پر کامیاب ہوئے۔

یاد رہے کہ ان کے بھائی علی گوہر خان مہر اور علی نواز خان مہر بھی قومی و صوبائی اسمبلیوں کے رُکن منتخب ہوتے رہے ہیں۔ مہر خاندان کا شمار سندھ کے اثر و رسوخ کے حامل سیاسی خاندانوں میں کیا جاتا ہے جو ہمیشہ کسی نہ کسی حکومت کا حصہ رہا ہے۔