اداروں کیخلاف وال چاکنگ کرنے پر پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عالمگیر خان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔
اے آر وائے کی خبر کے مطابق رہنما پاکستان تحریک انصاف عالمگیر خان کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ، مقدمہ سرکار مدعیت میں گلشن اقبال تھانے میں درج کیا گیا۔
مملکت پاکستان اور حساس اداروں کے خلاف بات کرنے پر مقدمہ درج ہوا ، جس کے متن میں کہا گیا کہ تحریک انصاف کے رہنما عالمگیر خان کی جانب سے دانستہ طور پر حساس اداروں اور اعلیٰ عدلیہ کی کردار کشی اور تضحیک ، لوگوں میں انتشار اور بے یقینی پیدا کرنے کی کوشش کی گئی، اداروں کے افسران و جوانوں میں بددلی،بے یقینی اور مایوسی پھیلانا مقصود تھا۔
ایف آئی آر میں اداروں کیخلاف اکسانا اور بھڑکانا بھی شامل ہے، مدعی ایس ایچ او نے کہا کہ میں گلشن اقبال ایروکلب گراونڈ کے قریب گشت پر تھا کہ اسی دوران گراونڈ کی دیواروں پر مختلف عبارتیں تحریر کی گئی تھی۔
مدعی مقدمہ اشرف جوگی کا کہنا تھا کہ ایک پلڑے میں پاکستان کا نقشہ اور دوسرے میں ڈالروں کی گڈی بنائی گئی، سوشل میڈیا پرایک ویڈیو اور پانچ تصاویر بھی موصول ہوئی۔
اشرف جوگی نے مزید کہا کہ ویڈیو میں ایم این اے عالمگیر خان اور 5 صورت شناس نامعلوم افراد ہیں، ، عبارتوں کے ذریعے اداروں اور عدلیہ کی کردار کشی اور تضحیک کی گئی۔
ایس ایچ او کا کہنا تھا کہ عمل کا مقصد اداروں کے خلاف اکسانا اور بھڑکانا مقصود ہے،ایک جگہ لکھا تھا جنگل کا قانون ہم سے بہتر ہے۔