وفاقی حکومت نے وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز زلفی بخاری کو پاکستان ٹورازم ڈیویلپمنٹ کارپوریشن (پی ٹی ڈی سی) بورڈ کا چیئرمین بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔
جیو نیوز سے حاصل معلومات کے مطابق کابینہ ڈویژن نے زلفی بخاری کی تقرری کے لیے سمری تیاری کر لی ہے اور ان کی بطور چیئرمین پی ٹی ڈی سی بورڈ تقرری کی سمری وفاقی کابینہ میں پیش ہوگی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی ڈی سی بورڈ کے 3 ممبران کی تعیناتی کے لیے 6 ناموں کا پینل تجویز کیا ہے جب کہ ایم ڈی پی ٹی ڈی سی کانام بطور سیکرٹری بورڈ تجویز کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق جاوید جبار، کامران لاشاری اور سلمان صدیق بطور ممبر بورڈ سبکدوش ہوچکے ہیں۔
خیال رہے کہ زلفی بخاری اس وقت وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز اور ہیومن ریسورس ڈیویلپمنٹ کے عہدے پر تعینات ہیں اور ان کا درجہ وزیر مملکت کے برابر ہے۔