اسلام آباد: احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ جیل میں سہولتیں کون سی ہیں جو واپس لیں گے، عمران خان کو بتاؤ ہم بیرکوں میں رہنے کے عادی ہیں۔
جعلی اکاؤنٹس کیس کی سماعت کے سلسلے میں احتساب عدالت اسلام آباد میں پیشی کے موقع پر آصف زرداری نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کی۔ اس موقع پر صحافی نے سابق صدر سے سوال کیا کہ عمران خان کہتے ہیں امریکا سے واپسی پر آپ سے اے سی اور ٹی وی وغیرہ کی سہولتیں واپس لے لیں گے، اس پر آصف زرداری نے جواب دیا کہ سہولتیں کون سی ہیں جو لے لیں گے، اسے بتاؤ ہم پہلے ہی بیرکوں میں رہنے کے عادی ہیں۔
چیئرمین سینیٹ کو ہٹانے کے حوالے سے صحافی کے سوال پر آصف زرداری نے کہا کہ نہ میں نے بنایا اور نہ ہی میں اتارنے جارہا ہوں۔
دوسری جانب عدالت میں سماعت کے دوران آصف زرداری روسٹرم پر آئے اور وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر کے بیان کا اخباری تراشہ پیش کیا۔ آصف زرداری نے کہا کہ شہزاد اکبر کہتے ہیں کہ میری 32 جائیدادیں ہیں، عدالت ان کو طلب کر کے اس سے متعلق پوچھے۔ جج محمد بشیر نے تراشے آصف زرداری کے وکیل کو دے کر کہا کہ آپ یہ پڑھ لیں اور قانون کے تحت درخواست دیں۔