وفاقی حکومت نے آئی جی پنجاب رائو سردار علی کی جگہ ایڈیشنل آئی جی فیصل شاہکار کو آئی جی پنجاب تعینات کردیا ہے۔
آئی جی پنجاب راؤ سردار علی نے اپنے عہدے پر مزید کام کرنے سے حکومت سے معذرت کی تھی، جس کے بعد وفاقی حکومت نے بھی آج ہی آئی جی پنجاب کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ نئے آئی جی پنجاب کے لئے اے ڈی خواجہ، فیصل شاہکار اور انعام غنی کے نام سامنے آئے تھے۔ جس کے بعد اب تصدیق کردی گئی ہے کہ پاکستان پولیس سروس کے گریڈ 21 کے آفیسر فیصل شاہکار کو نیا آئی جی پنجاب تعینات کردیا گیا ہے۔
فیصل شاہکار کا تعلق سولہویں کامن سے ہے، انہوں نے 1988ء میں بطور اے ایس پی پاکستان پولیس سروس جوائن کی، اور لگ بھگ تین برس ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ کے عہدے پر خدمات سر انجام دیں۔ وہ ساہیوال اور گوجرانوالہ میں ریجنل پولیس آفیسر کے عہدوں پر بھی تعینات رہے۔ اور وہ تین باراقوام متحدہ مشن پربوسنیا اور لائبریا سمیت دیگر ممالک میں بھی فرائض ادا کر چکے ہیں۔
نئے آئی جی پنجاب فیصل شاہکار لاہور، شیخوپورہ، ساہیوال، ملتان، پاکپتن، ٹوبہ ٹیک سنگھ، تھرپارکر، ننکانہ اور گوجرانوالہ میں اہم عہدوں پر تعینات رہ چکے ہیں۔ فیصل شاہکار اے آئی جی آپریشنز، سنٹرل پولیس آفس لاہور میں بھی فرائض ادا کر چکے ہیں۔
وہ ڈی آئی جی پولیٹیکل سپیشل برانچ کے عہدے پر بھی دو برس تعینات رہے، اور انہوں نے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن اسلام آباد اور ڈی آئی جی ویلفیئر پنجاب کے عہدے پر بھی خدمات سر انجام دیں، اور ان دنوں وفاق میں خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔