روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ میں ایک دن میں ریکارڈ ڈالرز جمع ہونے پر وزیراعظم شہباز شریف خوشی سے نہال ہوگئے۔
اپنے ایک پیغام میں انہوں نے کہا کہ خوشی ہے اسٹیٹ بینک میں گزشتہ روز 57 ملین ڈالر ایک ہی دن میں جمع ہوئے ، روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس اسکیم میں اب تک ساڑھے 4ارب ڈالر جمع ہوچکے ہیں ، یہ بیرون ملک پاکستانیوں کی ماں دھرتی سے محبت کا ثبوت ہے ، ہماری حکومت روشن ڈیجیٹل اکاونٹس اسکیم کے ساتھ ہے۔
گزشتہ روز اسٹیٹ بینک اعلامیہ میں بتایا گیا کہ روشن ڈیجیٹل اکائونٹس میں ایک دن کے دوران زیادہ سے زیادہ رقوم موصول ہونے کا نیا ریکارڈ قائم ہوا ہے ، اوورسیز پاکستانیوں نے روشن ڈیجیٹل اکائونٹس میں ایک دن میں 57 ملین ڈالر کی رقوم جمع کرادیں۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق سمندر پاکستانیوں کی طرف سے ایک دن میں جمع کرائی گئی اب تک کی سب سے زیادہ رقوم ہیں ، جمع شدہ رقم روشن ڈیجیٹل اکائونٹس میں کسی ایک دن کا ریکارڈ ڈپازٹ ہے۔
ایک دن میں ہونے والے ریکارڈ ڈپازٹ کے بعد روشن ڈیجیٹل اکائونٹ میں جمع شدہ رقوم کی مالیت 4.5 ارب ڈالر سے تجاوز کرگئی ہے ، اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے زرمبادلہ ذخائر کے حوالے سے بھی اہم اعلامیہ جاری کیا۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری اعلامیے میں ان اطلاعات کی تردید کی گئی ہے کہ زرمبادلہ کے ذخائر ختم ہوگئے یا انہیں خرچ نہیں کیا جاسکتا ، ایس بی پی ترجمان کے مطابق 8.9 ارب ڈالر کے سرکاری ذخائر مکمل طور پر قابل استعمال ہیں جو سونے کے ذخائر کے علاوہ ہیں۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اسٹیٹ بینک کی جانب سے درآمدی ادائیگیاں روکنے اور بینکوں کے پاس زرمبادلہ نہ ہونے کی اطلاعات بے بنیاد اور غلط ہیں ، اسٹیٹ بینک نے درآمدی ادائیگیاں نہیں روکیں کمرشل بینکوں کے پاس ادائیگیوں کے لیے خاطر خواہ ذخائر موجود ہیں جبکہ رواں ماہ کے دوران انٹربینک مارکیٹ سے 4.7 ارب ڈالر کی درآمدی ادائیگیاں کی گئی ہیں۔