سموگ اور بڑھتی ہوتی آلودگی پر اہم فیصلہ لیتے ہوئے لاہور بھر کے سکولوں کو ہفتہ میں تین روز تک بند کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ تمام سکول ہفتہ، اتوار اور پیر کو بند رہیں گے۔
اس فیصلے کے بارے میں تمام تعلیمی اداروں کو آگاہ کرتے ہوئے نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ 15جنوری تک سکول بند رکھنے کا سلسلہ جاری رہے گا۔
نوٹیفیکیشن کے مطابق لاہور کے تمام نجی دفاتر بھی ہفتے میں 3 دن بند رہیں گے۔ پرائیویٹ دفاتر کا عملہ گھر سے کام کرسکے گا۔
کارپوریشن کی حدود میں تمام پرائیویٹ دفاتر بھی بند رہیں گے ۔جبکہ تعلیمی ادارے ورچوئل کلاسز کا انتظام کرسکیں گے۔
دوسری جانب آل پاکستان پرائیویٹ سکولز فیڈریشن نے سموگ کے حوالے سے سکولز بند کرنے کی تجاویز مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ نجی تعلیمی اداروں نے سموگ کے تدارک پر قابو پانے کے لیے لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ اور ملتان میں اوقات کار پہلے ہی تبدیل کر دئیے ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومت سکولز بند کرنے کی بجائے آل پاکستان پرائیویٹ سکولز فیڈریشن کی سموگ سفارشات پر عملدرآمد کو یقینی بنائے۔ ایئر کوالٹی انڈیکس خطرناک سطح پر بگڑنے پر سکولز کو بند کرنے کی بجائے لازم ماسک اور اوقات کار محدود کرنےکی تجاویز دی گئیں ہیں۔
اس کے علاوہ آئوٹ ڈور اسمبلی اور تمام تر سپورٹس سرگرمیاں 4 ہفتوں کے لیے ختم کر دی ہیں۔ تجاویز میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ حکومت دھویں دار انڈسٹری اور یورو ٹو آئل پر ایک ماہ کے لیے پابندی لگائے۔
اس کے علاوہ کٹائی کے بعد فصلوں کو آگ لگانے کا عمل فوری بند کیا جائے۔ لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ اور ملتان غیر ضروری اشیا لانے والے تمام ٹرکوں کی آمدو رفت پر پابندی عائد کی جائے۔