فیفا ورلڈ کپ 2026 کوالیفائر راؤنڈ میں تاجکستان نے پاکستان کو ایک کے مقابلے میں 6 گول سے ہرا دیا۔ کھلاڑیوں کی فٹنس سے لے کر ٹیم سٹرکچر تک بہت سارے مسائل دیکھے گئے۔ سعودی عرب سے شکست کے بعد ایک اور شکست نے اگلے راؤنڈ میں جانے کے پاکستان کے امکانات کو کمزور کر دیا۔
فیفا ورلڈ کپ 2026 کوالیفائر راؤنڈ 2 کے گروپ جی کا میچ اسلام آباد میں کھیلا گیا، جس میں تاجکستان نے میزبان ٹیم پاکستان کو شکست دی۔ پاکستان کو گروپ جی کے پہلے میچ میں سعودی عرب سے 0-4 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
اب پاکستان گروپ جی میں اردن کے ساتھ مارچ میں دو میچ کھیلے گا۔ جبکہ سعودی عرب اور تاجکستان کے ساتھ ایک ایک میچ باقی ہے.
تاجکستان فٹبال ٹیم کے کوچ پیٹر سیگارڈ نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کیخلاف میچ میں شاندار کھیل پیش کیا۔ 1-6 سے کامیابی بڑی جیت ہے۔
پاکستان فٹبال ٹیم کے کوچ سٹیفن کانسٹینٹائن نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ تاجکستان کیخلاف میچ میں پاکستان اچھا نہیں کھیلا جس کی وجہ پاکستانی کھلاڑیوں کی دیگرٹیموں کی طرح ٹریننگ نہ ہونا ہے۔
یہ دیکھنا دلچسپ ہوگا کہ ہیڈ کوچ سٹیفن کانسٹینٹائن ان مہینوں میں ٹیم سٹرکچر کو بہتر بنانے کے لیے کیا کرتے ہیں۔
دوسری جانب فیفا ورلڈ کپ کوالیفائر راؤنڈ ٹو کے میچ میں سعودی قومی فٹ بال ٹیم نے عمان انٹرنیشنل سٹیڈیم میں اردن کی ٹیم کو دو گول سے شکست دے دی۔
سعودی ٹیم نے اردن کے خلاف پہلے ہاف کے اختتام سے قبل دو گول کرکے ابتدائی طورپربرتری حاصل کر لی تھی۔
علاوہ ازیں، فیفا ورلڈکپ کوالیفائر میں ارجنٹینا نے برازیل کو ہرا کر نئی تاریخ رقم کردی۔ ریو ڈی جنیرو کے ماراکانا سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ارجنٹینا نے برازیل کو ہوم گراؤنڈ پر 0-1 سے شکست دے دی۔ برازیل پہلی بار ہوم گراؤنڈ میں کامیابی حاصل کرنے میں ناکام رہا ہے۔میسی کی قیادت میں ارجنٹینا واحد ٹیم ہے جس نے 70 سالوں میں برازیل کو ہوم گراؤنڈ پر دوسری شکست دی ہے۔