Get Alerts

ٹرانسجینڈر ایکٹ میں ترامیم پر حکومت کا جماعت اسلامی کے سینیٹر مشتاق کی حمایت کا اعلان

ٹرانسجینڈر ایکٹ میں ترامیم پر حکومت کا جماعت اسلامی کے سینیٹر مشتاق کی حمایت کا اعلان
اسلام آباد: سوشل میڈیا پر خواجہ سرا ایکٹ کے حوالے سے پیدا ہونے والے دباؤ کے بعد حکومت نے ٹرانسجینڈر بل میں جماعت اسلامی کے سینیٹر مشتاق احمد کی مجوزہ ترامیم کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ اور وزیر اعظم کے مشیر برائے کشمیر امور قمر الزماں کائرہ نے سینیٹر مشتاق احمد کی ترامیم کی حمایت کا اعلان کیا۔

وزیر قانون کا کہنا تھا کہ حکومت نے ٹرانسجینڈر قانون میں ترمیم کی مخالفت نہیں کی اور ترمیم ہونی چاہئیے۔ انہوں نے کہا کہ خواجہ سراؤں کیلئے روزگار میں کوٹہ رکھا گیا ہے اور ٹرانسجینڈر قانون کا غلط استعمال روکنے کے لئے ترمیم لائی جا رہی ہے جو اچھی کاوش ہے۔ خواجہ سراؤں کو ہسپتال میں سہولیات نہیں ملتی تھیں، ان کے لئے الگ کمرے بنا دیئے گئے ہیں۔ انہیں بنیادی حقوق دیئے گئے ہیں اور ان کے لئے الگ جیلیں بھی بنائی گئی ہیں۔

قمر الزمان کائرہ نے کہا کہ ٹرانسجینڈر قانون میں ترمیم ابھی ہوئی نہیں لیکن ہونی چاہئیے، ٹرانسجینڈر قانون میں ترمیم کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ انھوں نے مزید کہا کہ سینیٹر مشتاق احمد کی جانب سے تجویز کردہ ترمیم ٹرانسجینڈر قانون کو مزید بہتر کرے گی۔ اس لئے سینیٹرمشتاق کی پیش کردہ ترمیم کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا جھوٹی خبروں کا گڑھ بن گیا ہے، سوشل میڈیا پر ملک کے خلاف کام ہو رہا ہے۔