Get Alerts

ناراض اراکین کو منانے کا ٹاسک، بزدار اور محمود خان کی جہانگیر ترین سے ملاقات متوقع

ناراض اراکین کو منانے کا ٹاسک، بزدار اور محمود خان کی جہانگیر ترین سے ملاقات متوقع
حکومت کیخلاف تحریک عدم اعتماد کیلئے اپوزیشن نے اپنی تمام تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ اسی معاملے کو دیکھتے ہوئے پی ٹی آئی قیادت نے اپنے ناراض اراکین اسمبلی کو منانے کی ذمہ داری صوبہ پنجاب اور خیبر پختونخوا کے وزرائے اعلیٰ کو سونپ دی ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق سردار عثمان بزدار اور محمود خان کو ٹاسک دیا گیا ہے کہ وہ ناصرف تحریک انصاف کے ناراض اور روٹھے ہوئے اراکین اسمبلی سے رابطے بحال کریں بلکہ ان کے جو بھی تحفظات ہیں، انھیں دور کیا جائے۔

ڈان نیوز کے مطابق بزدار اور محمود خان کو یہ ذمہ داری پی ٹی آئی کی قیادت کی جانب سے سونپی گئی ہے۔ دونوں شخصیات کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ تمام ناراض اراکین کے حلقوں میں ترقیاتی کام کروائیں۔ ان کے تحفظات دور کریں جبکہ ان سے رابطے نہ ٹوٹنے دیں۔

کہا جا رہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے دورہ روس سے واپسی کے بعد وفاقی حکومت کے عہدیداراوں کا جہانگیر ترین سے ملنے کا بھی امکان ہے، کیونکہ انھیں متعدد اراکین قومی اور صوبائی اسمبلی کی حمایت حاصل ہے۔

خبریں ہیں کہ اگرچہ وزیراعظم عمران خان نے اپنے اراکین قومی اسمبلی اور وزرا کو نہ گھبرانے کا مشورہ دیا ہے لیکن حکومت اس وقت اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد کی تیاریوں سے پریشان ہو چکی ہے۔

دوسری جانب وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ حکومت اپنے تمام اراکین کیساتھ رابطے میں ہے۔ ہمیں امید ہے کہ کوئی بھی اپوزیشن کا ساتھ نہیں دے گا۔ اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد کے اقدام پر ہنگامہ برپا کر رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ تحریک عدم اعتماد کی صورت میں ہم باآسانی حکومت کو شکست دیں گے۔ اسٹیبلشمنٹ آئینی سکیم میں حکومت کا حصہ ہے۔