وفاقی حکومت نے پی ٹی آئی کے لانگ مارچ سے نمٹنے کے لیے تیاریاں شروع کردیں

وفاقی حکومت نے پی ٹی آئی کے لانگ مارچ سے نمٹنے کے لیے تیاریاں شروع کردیں
وفاقی حکومت نے پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ سے نمٹنے کے لیے تیاریاں شروع کر دی۔ جس کے لیے اسلام آباد میں فوج طلب کرنے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق دیگر صوبوں سے پولیس کی بھاری نفری طلب کی گئی ہے۔ پولیس، ایف سی اور رینجرز اہلکار بھی طلب کیے جائیں گے۔ آج رات سے دیگر صوبوں سے نفری پہنچنا شروع ہو جائے گی۔

آج قیدی وینز، واٹر کینن اور دیگر سامان پولیس کو فراہم کر دیا جائے گا۔ لانگ مارچ کے شرکا سے سختی سے پیش آیا جائے گا۔وفاقی پولیس اور انتظامیہ کو اقدامات مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

علاوہ ازیں حکومت نے اسلام آباد کے ریڈ زون کو کنٹینر لگاکر سیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ریڈ زون کی جانب ڈی چوک پہلے ہی کنٹینرز لگا کر سیل رکھا گیا ہے۔

خیال رہے کہ وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ عمران خان کے لانگ مارچ کے اسلام آباد داخلے کے حوالے سے اتحادی حکومت کے سربراہاں کا فورم جو فیصلہ کریگا اس کے مطابق اس معاملے کو دیکھا جائے گا۔

ایک انٹرویومیں انہوں نے کہا کہ ان کی ذاتی رائے میں عمران خان کے لانگ مارچ کو اسلام آباد داخلے کی اجازت نہیں دینی چاہیے اور انھیں وہیں روکنا چاہیے۔ تاہم یہ فیصلہ اتحادی حکومت کے سربراہی اجلاس میں ہو گا۔

انھوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ عمران خان کا ماضی کا ریکارڈ خراب ہے، وہ جھوٹے اور یو ٹرن کے ماہر ہیں، وہ سڑکوں پر فساد پھیلانا چاہتے ہیں اس لیے ان کے لانگ مارچ کو وفاقی دارالحکومت میں آنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

انہوں نے کہاکہ سربراہی اجلاس میں جو بھی فیصلہ ہو گا اس کے مطابق حکمت عملی اپنائی جائے گی، اگر انھیں آنے کی اجازت دی گئی تو اس کے مطابق عوام کے جان و مال کو محفوظ بنائے گے۔ انھوں نے کہا اگر انھیں روکنا کا کہا گیا تو ’انھیں گھروں سے نہیں نکلنے دیں گے۔خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے 25 مئی کو اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کرنے کا اعلان کردیا ، پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے گذشتہ روز پشاور میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہر شعبے کے لوگ لانگ مارچ میں شریک ہوں۔