بطور چیئرمین پی اے سی سب کا بلا تفریق اور بے رحم احتساب ہوگا: نور عالم خان

بطور چیئرمین پی اے سی سب کا بلا تفریق اور بے رحم احتساب ہوگا: نور عالم خان
پارلیمنٹ کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے بلا مقابلہ چیئرمین منتخب ہونے والے پاکستان تحریک انصاف کے ناراض ایم این اے نور عالم خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے تمام اداروں کا بلا تفریق بے رحم احتساب ہوگا۔

چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا انتخاب پیر روز پارلیمنٹ میں منعقد ہوا۔ وزیر دفاع خواجہ آصف نے نور عالم خان کا نام تجویز کیا جس کی وزیر سیفران طلحہ محمود نے تائید کردی جس کے بعد نور عالم خان بلا مقابلہ چیئرمین پی اے سی منتخب ہوگئے۔

ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا پاکستان کی بقا کی خاطر سب کو لے کر چلنا ہوگا۔ میں یقین دلاتا ہوں کہ بطور چیئرمین پبلک اکائونٹس کمیٹی نہ کسی کی پرواہ کروں گا اور نہ کسی کی سفارش مانوں گا۔ اگر سامنے میرا بیٹا ہو یا گھر کا دوسرا ممبر لیکن احتساب سب کا ہوگا۔

ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ ان کی چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کے ساتھ کوئی دشمنی نہیں، مگر ان کو آئین اور قانون کے مطابق یہاں پیش ہونا ہوگا۔ اگر وہ نہیں آئے تو پھر قانون کے مطابق ان کے خلاف ایکشن لیا جائے گا۔

انھوں نے مزید کہا کہ صرف نیب نہیں ہر ادارے کو یہاں آنا ہوگا۔ اگر کوئی قانون نہیں مانے گا تو ان سے منوا کر رہیں گے۔ فوج کے ذیلی تعمیراتی ادارے ایف ڈبلیو او کے احتساب کے حوالے سے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ میں نے کہہ دیا کہ سب کا احتساب ہوگا۔

عبداللہ مومند اسلام آباد میں رہائش پذیر ایک تحقیقاتی صحافی ہیں۔