"اگر ہم اسلامی جمہوریہ پاکستان کے آئین کے فورتھ شیڈول کے تحت وفاقی قانون سازی کی فہرست کے حصہ I کے اندرا ج 52 میں استعمال کردہ الفاظ "کے بدلے میں " (in lieu of )کے اظہار کے مندرجہ بالا معانی کو مدنظر رکھتے ہوئے تشریح کریں تو یہ واضح ہو جاتا ہے کہ مقننہ کے پاس "آمدنی پر ٹیکس" عائد کرنے کے لیے اندراج 47 کی بجائے یہ متبادل اختیار بھی حاصل ہے، وہ اندراج 52 کے تحت "کمانے کی صلاحیت کی بنیاد" پر ٹیکس لاگو کر سکتی ہے، لیکن"آمدنی پر ٹیکس" کے "بدلے میں" نہ کہ اس کے اضافے کے ساتھ یعنی دونوں میں سے کسی ایک کا استعمال کیا جا سکتا ہے ۔ چونکہ سیکشن 80-C اور 80-CC کے تحت فرضی (presumptive) ٹیکس کا نفاذ انکم ٹیکس کی وصولی اور وصولی کے عام طریقہ کے بدلے میں ہے، لہذا یہ انٹری 52 کے مطابق ہے——الٰہی کاٹن ملز اور دیگر بمقابلہ فیڈریشن آف پاکستان اور دیگر [PLD 1997 سپریم کورٹ 582]
مالی سال2025 -26 کے لیے پاکستانی وفاقی بجٹ 2025 انتہائی مشکل حالات میں عالمی مالیاتی فنڈ (IMF ) کی سفارشات ( بہتر الفاظ میں پابندیوں) کے تحت تیار کیا جا رہا ہے ، جب ہمیں صنعتی جمود، معاشی بحالی اور مالیاتی استحکام جیسی مُشکلات کا سامنا ہے۔و فاقی بجٹ 2 یا 5 جون 2025 کو پیش کیے جانے کی توقع ہے۔ اگر ہم مُشکلات پر قابو پانے کا ارادہ رکھتے ہیں تو کئی دہائیوں سے اپنایا جانے والا روایتی طریقہ یعنی حساب کتاب میں محض نمبر گیم کے لئے ہیرا پھیری، مالیاتی خسارے پر قابو پانے کے لیے زیادہ جابرانہ بالواسطہ اور اونچی شرح والے ٹیکس لگانے، اور اس طرح کی تمام عادتوں کو مکمل طور پر ترک کرنا پڑے گا۔
بجٹ 2025 میں تمام قسم کے غیر پیداواری اخراجات اور فضول خرچوں کو یکسر کم کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات کرنے کی ضرورت ہے ، اور مشکلات کا شکار معیشت کو نقصان پہنچائے بغیر ، ٹیکس کی بنیاد کو وسیع کرکے ، سرکاری املاک کو لیز پر دے کر کھربوں کی اضافی آمدنی ( ٹیکس اور نان ٹیکس) بھی حاصل کرنے کی ضرورت ہے۔ بجٹ بنانے والوں کے لیے مشکل چیلنج یہ ہے کہ کاروبار کو تیز ، جامع اور پائیدار ترقی کی طرف بڑھنے کے لیے کس طرح کی سہولیات فراہم کی جا سکتی ہیں ۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کو درپیش محصولات کی وصولی کےضمن میں حکومت کو سب سے بڑا چیلنج خود کاری (automation ) اور ٹیکس انٹیلی جنس سسٹم کے ذریعے خوفناک خلا (unbelievable gap)کو ختم کرنا ہے اور مزید جابرانہ بالواسطہ ٹیکس لگانے یا موجودہ ٹیکس کی شرحوں کو بڑھانے سے گریز کرنا ہے ۔
ورلڈ بینک نے اپنی رپورٹ پاکستان ریونیو موبلائزیشن پراجیکٹ میں مناسب طور پر نوٹ کیا ہے:
"اگر ٹیکس کی تعمیل کو 75 فیصد تک بڑھایا جائے تو پاکستان کی ٹیکس ریونیو کی صلاحیت جی ڈی پی کے 26 فیصد تک پہنچ جائے گی، جو کم درمیانی آمدنی والے ممالک (LMICs) کے لیے تعمیل کی ایک حقیقت پسندانہ سطح ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ ملک کے ٹیکس حکام اس وقت آمدنی کی اس صلاحیت کا صرف نصف حصہ حاصل کر رہے ہیں، یعنی اصل اور ممکنہ وصولیوں کے درمیان فرق 50 فیصد ہے۔ ٹیکس کے فرق کا سائز ٹیکس کے آلے اور شعبے کے لحاظ سے مختلف ہوتا ہے۔ خدمات کے شعبے میں ٹیکس کا فرق مینوفیکچرنگ سیکٹر سے زیادہ ہے (بالترتیب 67 فیصد بمقابلہ 46 فیصد) اور یہ جی ایس ٹی/جی ایس ٹی ایس کے لیے انکم ٹیکس (بالترتیب 65 فیصد بمقابلہ 57 فیصد) سے بڑا ہے"۔
اگرچہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے اضافی ریونیوز ( ٹیکس اور نان ٹیکس) کا حصول بہت ضروری ہے، لیکن تازہ ترین کثیر جہتی غربت انڈیکس [MPI] 2024 میں دائمی غریب کے طور پر شناخت کیے گئے تقریباً 60 ملین پاکستانیوں کی مدد کے لیے بھی ان کی فوری ضرورت ہے۔
وفاقی بجٹ 2025 اور صوبائی بجٹ کے مرکزی نکات ٹیکس کے نظام کو آسان اور سادہ بنانے، عام لوگوں کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے اور عالمی حقوق [مفت تعلیم، صحت، باوقار زندگی، سستی پبلک ٹرانسپورٹ، یونیورسل پنشن، تمام شہریوں کو سماجی تحفظ کے ذریعے انکم سپورٹ وغیرہ] کے طویل التواء اور انتہائی ضروری ہدف کو حاصل کرنا ہونا چاہیے ۔ یہ نظام صرف ایک وفاقی اقتصادی منصوبہ بندی پر عمل کرنے، اور 2016 میں تجویز کردہ ایک سائنٹیفک، جدید اور عوام دوست ٹیکس نظام کو نافذ کرنے سے ممکن ہو گا۔ اس کو نومبر 2024 میں اپ ڈیٹ کیا گیا ہے [ کشادہ ، کم شرح، قابل اعتبار ٹیکسز، تیسرا ایڈیشن، پرائم انسٹی ٹیوٹ، نومبر 2024] اور ذیل میں کچھ ٹھوس اقدامات تجویز کیے گئے ہیں۔
بدقسمتی سے ٹیکس اور نان ٹیکس ریونیوز بڑھانے کے بارے میں کچھ آؤٹ آف باکس اقدامات کے بارے میں کوئی بھی بات نہیں کر رہا ہے، بحث کا تو ذکر ہی کیا ۔ کسی کو وزیر اعظم شہباز شریف اور ان کی معاشی ٹیم [اس کو آئی ایم ایف بھی پڑھ سکتے ہیں] کو بتانے کی ضرورت ہے کہ آنے والے وفاقی بجٹ میں بے جا اور جابرانہ ٹیکسوں اور محض کفایت شعاری سے ہمارے مسائل حل نہیں ہوں گے۔
وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے زیادہ سے زیادہ رقم پیدا کرنے اور خرچ کرنے کی ضرورت ہے تاکہ مزید روزگار کے مواقع پیدا ہوں اور اعلیٰ ترقی کو یقینی بنایا جا سکے، نجی شعبے کو عوامی منصوبوں میں حصہ لینے کے لیے شامل کیا جائے۔ اس سے معیشت کی بحالی کا آغاز ہو جائے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ، حکومتوں کو فضول خرچی کو کم کرنے، اپنی مشینری کے بڑے سائز کو درست کرنے، بیوروکریسی کے تمام مراعات کو منیٹائز (monetized ) کرنے اور ٹیکسوں کو آسان اور کم شرح بنانے کی ضرورت ہے۔
غیرپیداواری بیکار پڑی ہوئی سرکاری اراضی، بشمول وفاق اور صوبوں کی ملکیت میں بیوروکریٹس کے لیے محلاتی سرکاری رہائش گاہیں، عوامی نیلامی کے ذریعے صنعتی، کاروباری اور تجارتی منصوبوں کے لیے لیز پر دی جائیں، جس میں % 10انکم ٹیکس کی وصولی مکمل اور حتمی ٹیکس کے طور پر ہو، جس سے ایف بی آر کے لیے کھربوں کی آمدنی ہوتی ہے تاکہ وہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے مقرر کردہ اہداف کو پورا کر سکے۔ یہ ٹیکس اور غیر ٹیکس محصولات دونوں میں خاطر خواہ فنڈز پیدا کرے گا اور تیز رفتار اقتصادی ترقی کے لیے نجی سرمایہ کاری کو سہولت فراہم کرے گا۔
آج کے پاکستان میں بنیادی ادارہ جاتی اور ساختی اصلاحات کی اشد ضرورت ہے۔ معیشت پر ہمارا سب سے بڑا بوجھ مختلف حکومتوں (وفاقی، صوبائی، مقامی اور کارپوریشنز) اور پبلک سیکٹر انٹرپرائزز (PSEs) میں تقریباً 40 لاکھ افراد پر مشتمل بڑی غیر پیداواری افرادی قوت ہے، جو وقت اور پیسہ ضائع کرتے ہیں اور زیادہ تر شہریوں اور کاروبار کے لیے ان کی خدمت کرنے کی بجائے رکاوٹیں پیدا کرتے ہیں۔ ظالمانہ انتظامی مشینری کا درست سائز اور عوامی خدمات کے معیار کو بہتر بنانا اصلاحات کے ایجنڈے میں سرفہرست ہونا چاہیے۔ یہ کام کا زیادہ تر حصہ مقامی حکومتوں کو منتقل کر کے کیا جا سکتا ہے ۔
مقامی منتخب حکام کو صحت، تعلیم، پانی اور صفائی، مقامی سڑکیں، مقامی پولیسنگ، مقامی جائیداد کی منتقلی، پراپرٹی وغیرہ کو سنبھالنا چاہیے۔ پاکستان کو خود کفیل معیشت بنانے کے لیے ہمیں فضول خرچی، غیر پیداواری اخراجات کو روکنا ہوگا، کابینہ اور سرکاری مشینری کا سائز کم کرنا ہوگا، حکومتی ملکیتی کارپوریشنز کو پرائیویٹ پبلک پارٹنرشپ کے ساتھ چلایا جائے گا تاکہ ان ملازمین کو مکمل طور پر منافع بخش بنانے کے لیے دیگر اقدامات متعارف کرائے جائیں۔ تنظیم نو، بہتر ٹیکنالوجی اور تربیت یافتہ انسانی وسائل کے ذریعے پیداواری صلاحیت میں اضافہ، مقامی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے زرعی شعبے کو بہتر بنانا اور قابل برآمد سرپلس پیدا کرنا اور درست ٹیکس پالیسی کا استعمال کرتے ہوئے آمدنی اور دولت کی منصفانہ تقسیم کے ذریعے معاشی عدم مساوات کو کم کرنا۔
وفاقی اور صوبائی دونوں حکومتوں کی طرف سے درج ذیل اقدامات سے اضافی محصولات ( ٹیکس اور نان ٹیکس) پیدا کرنے میں مدد مل سکتی ہے، جس سے پاکستان کو خود انحصار معیشت بنایا جا سکتا ہے۔ اس سے تمام شہریوں بالخصوص معاشرے کے کمزور طبقے کو بھی راحت ملے گی۔ مزید برآں، ایک جامع سماجی تحفظ کا نظام فراہم کرنے کے لیے ان کی آمدنی/خرچ کی سطح اور اثاثوں کو ظاہر کرنے والا ملک گیر ڈیٹا بینک بنانے میں مدد ملے گی ۔
• اگلے تین سالوں کے لیے، غیر کارپوریٹ کاروباروں اور پیشہ ور افراد کی خالص آمدنی کی ٹیکسیشن ترک کر دی جائے اور ٹیکس کو مقررہ شرح پر مجموعی بنیاد پر منتقل کیا جائے (کاروبار/پیشہ کے ہر طبقے کے لیے منصفانہ شرح کا تعین کرنے کے بعد)۔ آڈٹ اور چھاپے نہیں ہونے چاہئیں۔ کتابوں یا ویلتھ سٹیٹمنٹس میں، ٹیکس دہندگان کو imputable انکم کا کریڈٹ لینے کی اجازت ہو ۔
فی الحال، چند کو چھوڑ کر، انکم ٹیکس کم از کم ٹیکس کے ساتھ خالص آمدنی پر 60 سے زائد ودہولڈنگ پروویژنز کے ذریعے جمع کی جانے والی رقوم کی حد تک لگایا جاتا ہے۔ یہ واضح طور پر غیر آئینی ہے، جیسا کہ سپریم کورٹ نے الٰہی کاٹن ملز اور دیگر بمقابلہ فیڈریشن آف پاکستان اور دیگر میں فیصلہ کیا ہے [PLD 1997 سپریم کورٹ 582]۔
• مذکورہ کیس میں عدالت عظمیٰ نے قرار دیا کہ قومی اسمبلی منی بل کے ذریعے انٹری 47، وفاقی قانون سازی کی فہرست کے حصہ I، اسلامی جمہوریہ پاکستان کے آئین کے فورتھ شیڈول کے تحت آمدنی پر ٹیکس عائد کر سکتی ہے یا انٹری 52 کے تحت کمانے کی صلاحیت کی بنیاد پر ٹیکس عائد کر سکتی ہے، لیکن ایک ٹیکس کے لئے دونوں طریقہ ہائے کار اختیار نہیں کیے جا سکتے ۔ فنانس ایکٹ 2019 نے کم سے کم ٹیکس کا سہارا لے کر اس آئینی حکم کی خلاف ورزی کی اور کوئی بھی آئین کے آرٹیکل 199 کے تحت اس معاملے کو ہائی کورٹ میں نہیں لے گیا۔
• کاروبار کرنے میں آسانی اور پچیدہ انکشافات کی بجائے اگر انٹری 52 کے تحت ٹرن اوور/رسیدوں پر presumptive ٹیکس عائد کیا جاتا ہے، تو انکم ٹیکس کے تحت وصولی کمپنیوں کے علاوہ تمام افراد سے تقریباً 16 ٹریلین روپے ہو گی ۔ اگر ہم کارپوریٹ سیکٹر کی تقریباً 2 ٹریلین روپے کی شراکت کو شامل کریں تو کل انکم ٹیکس کی وصولی18 ٹریلین روپے ہو جائے گی ۔14 کھرب روپے کی اضافی آمدنی معیشت کی بحالی میں رکاوٹ پیدا کیے بغیر ایک اہم کامیابی ہو گی اور درحقیقت کاروباروں اور پیشہ ور افراد کو اگلے تین سالوں میں تیزی سے ترقی کرنے اور آڈٹ وغیرہ کے خوف سے آزاد، سادہ ٹیکس ریٹرن فائل کرنے کا محرک ملے گا۔
• ٹیکس اخراجات ایف بی آر کی اپنی رپورٹ کے مطابق 4 ٹریلین روپے سے تجاوز کر چُکے ہیں۔اس کی موجودگی میں مزید ٹیکس لگانا انتہائی ظلم ہے۔ ٹیکس اخراجات کو کم کرنے کی اشد ضرورت ہے۔غیر ضروری مراعا ت کو ختم کر کے ٹیکس اخراجات میں سے کم از کم 2 ٹریلین کے مزید محصولات حاصل کیے جا سکتے ہیں۔
• وفاقی حکومت کو آئین کے آرٹیکل 162 کے حکم کو پورا کرنے کے بعد "زرعی آمدنی" کی تعریف میں ترمیم کرنی چاہیے تاکہ باغات کی فروخت/لیز، زمینوں کی لیز سے حاصل ہونے والی وصولیوں کو اپنے دائرہ کار میں لایا جا سکے، اور اس طرح غیر حاضر زمیندار سے انکم ٹیکس آرڈیننس، 2001 کے تحت 500 بلین روپے حاصل ہوں گے ۔
پارلیمنٹ کی طرف سے "زرعی آمدنی" پر فنانس ایکٹ 1977 کی شکل میں ٹیکس لگانے کے تاریخی فیصلے کو جنرل ضیاءالحق کی فوجی حکومت نے ناکام بنا دیا۔ اس قانون کے ذریعے، پارلیمنٹ نے وفاقی انکم ٹیکس قانون کے دائرے میں بڑے غیر حاضر زمینداروں پر ٹیکس لگانے کے لیے "زرعی آمدنی" کی تعریف میں ترمیم کی۔ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار وفاقی سطح پر زرعی آمدنی پر ٹیکس لگانے کا یہ ایک انقلابی قدم تھا، لیکن ایک فوجی آمر نے اسے ناکام بنا دیا۔ اسے دوبارہ زندہ کرنے کی ضرورت ہے۔
15 ایکڑ تک اراضی رکھنے والے چھوٹے کسانوں کو انکم ٹیکس سے مستثنیٰ رہنا چاہیے۔ اٹھارویں آئینی (ترمیمی) ایکٹ، 2010 میں ترمیم کرنے یا نیشنل فنانس کمیشن (این ایف سی) ایوارڈ میں خلل ڈالنے کی ضرورت نہیں ہے اگر یہ اقدام فنانس بل 2025 میں لیا جاتا ہے جیسا کہ فنانس ایکٹ، 1977 کے تحت تھا۔
فوجی حکمرانوں نے تمام ترقی پسند ٹیکسوں کو ختم کر دیا جیسے اسٹیٹ ڈیوٹی، گفٹ ٹیکس، کیپٹل گین ٹیکس وغیرہ۔ 18ویں ترمیم کے بعد یہ صوبائی حکومتوں کے پاس ہیں، لیکن وہ امیروں اور طاقتوروں پر ٹیکس لگانے میں کم سے کم دلچسپی لیتے ہیں۔ اگر یہ ٹیکس امیروں پر لگائے جائیں تو 2000 ارب روپے کا اضافی ٹیکس ریونیو ہوگا ۔
• ضیاء کے 11 سالہ دور حکومت میں اور جنرل پرویز مشرف کے تقریباً 9 سال تک غیر حاضر زمینداروں (بشمول وہ طاقتور جرنیل جنہوں نے ریاستی زمینیں بہادری کے اعزازات کے طور پر حاصل کیں یا بصورت دیگر انعامات کے طور پر!) نے زرعی انکم ٹیکس یا ویلتھ ٹیکس کے طور پر ایک پیسہ بھی ادا نہیں کیا۔
1973 کے آئین کے تحت "زرعی آمدنی" پر ٹیکس لگانا صوبائی حکومتوں کا واحد استحقاق ہے چاروں صوبوں نے یکم جنوری 2025 سے قوانین کو دوبارہ نافذ/ترمیم کی ہیں، لیکن اس کی منصفانہ اور موثر وصولی کے لیے کوئی کوششیں جاری نہیں ہیں۔
• تمام صوبوں کی طرف سے زرعی انکم ٹیکس کے تحت گزشتہ پانچ سالوں کے دوران کل وصولی کبھی بھی 3 بلین روپے تک نہیں پہنچی (جی ڈی پی میں زراعت کا حصہ اوسطاً اس مدت کے لیے تقریباً 25 فیصد تھا)۔ اس لیے اس ٹیکس کی وصولی ایف بی آر کو دینے کی ضرورت ہے، جسے 1 فیصد وصولی چارجز کے بعد براہ راست صوبوں کو منتقل کیا جانا چاہیے۔
• ملٹی نیشنل کمپنیاں (MNCs) غلط ٹرانسفر پرائسنگ میکانزم کے ذریعے، پاکستان کو ہر سال800 بلین روپے سے زیادہ کے ٹیکس سے محروم کرتی ہیں۔ متعلقہ ممالک کے ساتھ ایڈوانس ٹرانسفر پرائسنگ ایگریمنٹس میں داخل ہو کر اسے آسانی سے واپس لیا جا سکتا ہے اور آئندہ کے لئے رکا جا سکتا ہے ۔
• پاکستان کے وزیر خزانہ کا عہدہ سنبھالنے سے پہلے شوکت عزیز کے مخصوص مطالبے پر فنانس ایکٹ 2003 کے ذریعے ویلتھ ٹیکس ایکٹ 1963 کو ختم کر دیا گیا۔ وہ اس حقیقت سے پوری طرح واقف تھے کہ پاکستان میں رہائش پذیر ہونے کی وجہ سے ان کے عالمی اثاثے ویلتھ ٹیکس ایکٹ کی دفعات کو اپنی طرف متوجہ کریں گے جو سالانہ بنیادوں پر کافی ٹیکس واجبات میں تبدیل ہو جائیں گے۔
• خالص دولت پر ترقی پسند ویلتھ ٹیکس کی منسوخی، خاص طور پر پاکستان کے لیے نا موزوں ہے جہاں آمدنی ظاہر کیے بغیر بہت زیادہ اثاثے بنائے جاتے ہیں، کو ریونیو کے خاطر خواہ نقصانات کے باوجود جائز ثابت کیا گیا، اور اس کے نتیجے میں پاکستانی عوام کی اکثریت کو تکلیف ہوئی۔ یکے بعد دیگرے آنے والی حکومتوں نے معافی اور اثاثے سفید کرنے کی اسکیموں کے ذریعے قومی خزانے کو اربوں ڈالر کا نقصان پہنچایا۔
• 18ویں ترمیم کے پیش نظر، وفاقی حکومت کی طرف سے50 ملین روپے سے زیادہ کے خالص منقولہ اثاثے رکھنے والوں پر% 1 ٹیکس لگانے کی ضرورت ہے اور صوبائی حکومتوں کی طرف سے غیر منقولہ اثاثوں پر اسی شرح سے ۔ اس سے ٹیکس میں مساوات آئے گی، کیونکہ معاشرے کے امیر طبقے کم از کم 900 ارب روپے روپے کا حصہ ڈالیں گے۔
• اشیا اور خدمات پر متحد سیلز ٹیکس کی ضرورت ہے جیسا کہ ہندوستان نے 2017 میں کیا تھا ۔ اس سے کل وصولی تقریباً 12 ٹریلین روپے ہوگی ۔ ایف بی آر نے مالی سال 2023-24 میں اشیا پر سیلز ٹیکس کے ذریعے 3099 ارب روپے اور خدمات پر سیلز ٹیکس کے ذریعے چاروں صوبوں کو مجموعی طور پر روپے 504 ارب روپے حاصل ہوئے ۔8 ٹریلین روپے سے زائد کی اضافی ریونیو وصولی نہ صرف وفاقی حکومت کو مالیاتی خسارے کو کم کرنے کے لیے جگہ دے گا بلکہ این ایف سی ایوارڈ کے تحت صوبوں کے لیے مزید رقم بھی تقسیم ہو گی ۔ بھارت کا ’ایک قوم، ایک ٹیکس‘ کا نعرہ اور کینیڈین کا ہارمونائزڈ سیلز ٹیکس (HST) پاکستان کے لیے بھی آگے بڑھنے کا راستہ ہے۔
• کسٹمز میں، اسمگلنگ وغیرہ کے علاوہ انڈر انوائسنگ اور غلط اعلانات کی وجہ سے بڑے پیمانے پر چوری ہوتی ہے۔ 2023-24 میں کسٹم ڈیوٹی کی وصولی1104 ارب روپے تھی۔ اگر ریونیو لیکیجز کو 'ڈسمنٹل کنٹینرز مافیا'، بزنس ریکارڈر، 14 ستمبر 2018 میں تجویز کردہ کے مطابق پلگ کیا جاتا ہے، اور تمام سامان پر% 5 فلیٹ ریٹ عائد کیا جاتا ہے، تو وصولی2500 ارب روپے تک جا سکتی ہے ۔ اس مد میں 1500 ارب روپے کی اضافی وصولی ہر قسم کی بددیانتی کے خاتمے کے ساتھ ساتھ ممکن ہیں۔
• صرف غیر قانونی اور سمگل شدہ سگریٹ سیکٹر کی وجہ سے فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی (FED) کا نقصان300 بلین روپے سالانہ ہے ۔ اسے ٹریس (T&T) سسٹم اور دیگر ٹولز کے ذریعے پلگ کیا جا سکتا ہے [حذیمہ اور اکرام کا تفصیلی مطالعہ، ریونیو کے نقصانات اور تمباکو کی غیر قانونی تجارت، 2020 دیکھیں]۔
جیسا کہ اعداد و شمار سے ظاہر ہے، اگلے مالی سال 2025 -26 میں 36 ٹریلین مالی روپے کی وصولی قومی سطح پر ممکن ہے، اگر اصلاحی اقدامات اور اضافی اقدامات، جیسا کہ اوپر تجویز کیا گیا ہے، اٹھائے جائیں۔ اگلے مضمون میں، فرسودہ اور کاروبار مخالف ٹیکس پالیسی میں تبدیلی اور تباہ ہوتے ہوئے ٹیکس نظام کی اصلاح پر کچھ تفصیلات میں بحث کی جائے گی، جس میں اس بات پر روشنی ڈالی جائے گی کہ ایڈوانس ایڈجسٹ ایبل انکم ٹیکس ادا کرنے والے لاکھوں لوگ ظلمانہ نظام، پیچیدہ قوانین اور ہراساں کیے جانے کے خوف کی وجہ سے ٹیکس گوشوارے کیوں جمع نہیں کراتے ہیں۔