گوگل نے اپنے آرٹیفیشل انٹیلیجنس ( اے آئی) چیٹ بوٹ بارڈ کی یوٹیوب ویڈیوز کو سمجھنے اور اس کی سمری بنا کر پیش کرنے کی صلاحیت کو بہتر بنایا ہے۔
جب گوگل نے رواں سال فروری میں بارڈ لانچ کیا تو ایسا لگ رہا تھا کہ یہ پراجیکٹ جلد بازی میں لانچ کیا گیا۔ اے آئی چیٹ بوٹ نے چیٹ جی پی ٹی اور مائیکروسافٹ بنگ کا مقابلہ کرنے کی امید میں اپنی ڈیمو ویڈیو میں کچھ غلطیاں کیں جس پر شدید تنقید کی گئی تھی۔
تاہم، وقت کے ساتھ بارڈ نے معیار کو بہتر بنایا اور یہاں تک کہ متعدد نئی خصوصیات بھی لانچ کیں اور اب بارڈ کو ایک ایسی خصوصیت مل رہی ہے جو ان لوگوں کے لئے انتہائی مفید ثابت ہوسکتی ہے جو باقاعدگی سے ویڈیو مواد کے ساتھ کام کرتے ہیں۔
ایک پوسٹ میں گوگل نے اعلان کیا کہ وہ بارڈ کی یوٹیوب ویڈیوز کو سمجھنے اور تجزیہ کرنے کی صلاحیت کو بہتر بنا رہا ہے یعنی معروف ٹیک کمپنی کا اے آئی چیٹ بوٹ اب یوٹیوب ویڈیو کی سمری بنا کر پیش کر سکے گا۔
ٹیکنالوجی کمپنی نے کہا کہ وہ اے آئی چیٹ بوٹ کی یوٹیوب ویڈیوز کو سمجھنے کی صلاحیت میں پہلا قدم اٹھا رہے ہیں۔ اگر کوئی صارف کھانا پکانے کی کچھ ترکیبوں کو آن لائن دیکھ رہا ہے تو وہ بارڈ سے اس کی تفصیلات کے بارے میں پوچھ سکتا ہے۔
گوگل کے مطابق اگر صارفین زیتون کے تیل کے کیک بنانے کے بارے میں ویڈیوز تلاش کر رہے ہیں تو اب یہ بھی پوچھ سکتے ہیں کہ اس کی ترکیب میں کتنے انڈوں کی ضرورت ہے۔
ٹیک کرنچ کی ایک رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ اس وقت یوٹیوب ایکسٹینشن صرف کچھ مخصوص ویڈیوز کے معاملے میں کام کرے گی جب کہ اس نئی اپ ڈیٹ کے ساتھ بارڈ مزید قسم کی ویڈیوز کی سمری پیش کر سکتا ہے۔
دی ورج کے مطابق گوگل بارڈ کا یہ فیچر فی الحال صرف آپٹ ان تجربے کے طور پر دستیاب ہے۔ لہذا تمام صارفین کے لئے دستیاب ہونے میں کچھ وقت لگ سکتا ہے۔
واضح رہے کہ چند ہفتوں قبل گوگل نے بارڈ کے لئے کچھ نئے فیچرز کا اعلان کیا تھا جس میں تیار کردہ جوابات، بارڈ ایکسٹینشن اور گوگل آئی ٹی بٹن متعارف کروایا تھا۔