Get Alerts

سائفر کیس: عمران خان اور شاہ محمود کو 28 نومبر کو عدالت پیش کرنیکا حکم

عدالتی عملے نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کی کاپی عدالت کو فراہم کر دی۔جج ابوالحسنات نے کہا کہ سائفر کیس کا ٹرائل اب 29 اگست سے پہلے کی پوزیشن سے آگے بڑھے گا۔

سائفر کیس: عمران خان اور شاہ محمود کو 28 نومبر کو عدالت پیش کرنیکا حکم

سائفر کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو  28 نومبر کو عدالت میں پیش ہونے کا حکم دے دیا گیا۔

آفیشل سیکرٹ ایکٹ خصوصی عدالت میں جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کے خلاف کیس کی سماعت اڈیالہ جیل کے بجائے اسلام آباد جوڈیشل کمپلکس میں کی۔ جس میں شاہ محمود قریشی کے وکیل علی بخاری، خالد یوسف عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔

جج ابوالحسنات نے استفسار کیا کہ ہائیکورٹ کے فیصلے کی کاپی کہاں ہیں ؟ جس پر عدالتی عملے نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کی کاپی عدالت کو فراہم کر دی۔

جج ابوالحسنات نے کہا کہ سائفر کیس کا ٹرائل اب 29 اگست سے پہلے کی پوزیشن سے آگے بڑھے گا۔ بعد ازاں عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کو 28 نومبر بروز منگل کو فیڈرل جوڈیشل کمپلیکس (ایف جے سی) کے اندر موجود عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ 

واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے سائفر کیس میں جیل ٹرائل کالعدم قرار دیے جانے کے بعد جوڈیشل کمپلیکس میں کیس کی یہ پہلی سماعت تھی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے  21 نومبر کو سائفر کیس میں جاری جیل ٹرائل کے خلاف چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی انٹراکورٹ اپیل کو منظور کرتے ہوئے جیل ٹرائل کا 29 اگست کا نوٹیفکیشن غیرقانونی قرار دے دیا تھا۔

عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کی جیل ٹرائل اور جج تعیناتی کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی کی انٹراکورٹ اپیل کو منظور کرلیا تھا۔ عدالت نے آفیشل سیکرٹ ایکٹ عدالت کے جج کی تعیناتی درست قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ 15 نومبر کے وزارت قانون کے جیل ٹرائل نوٹیفکیشن کا ماضی سے اطلاق نہیں ہو گا۔