ن لیگی رہنما مفتاح اسماعیل پارٹی عہدے سے مستعفیٰ ہوگئے

ن لیگی رہنما مفتاح اسماعیل پارٹی عہدے سے مستعفیٰ ہوگئے
پاکستان مسلم لیگ (ن) سندھ کے جنرل سیکریٹری مفتاح اسماعیل پارٹی عہدے سے مستعفیٰ ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ مفتاح اسماعیل جو کہ مسلم لیگ ن سندھ کے جنرل سیکرٹری ہیں، نے پارٹی قیادت سے ناراض ہو کر خود پارٹی عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ مفتاح اسماعیل نے ہنگامہ آرائی کے خلاف ایکشن نہ لینے اور کوئی کارروائی نہ کرنے پر پارٹی عہدہ چھوڑا۔

اعلیٰ قیادت کو اپنا استعفیٰ بھجوا کر مفتاح اسماعیل نے پیغام دیا کہ بدمعاش ٹولے کے ہوتے ہوئے کراچی میں کام کرنا بہت مشکل ہے۔

جبکہ مفتاح اسماعیل کے اس فیصلے پر رد عمل دیتے ہوئے میر صوبہ خان بھنگر کراچی نے کہا کہ مفتاح اسماعیل صاحب کا یہ فیصلہ کافی حد تک درست ہے۔اگر ایسے گروپ بندی چلتی رہی تو مسلم لیگ ن کو مزید نقصان ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ اُمید ہے کہ اعلٰی قیادت فورأ نوٹس لے گی اور پوری نئی باڈی کا اعلان کرے گی۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ کنٹونمنٹ انتخابات کے ٹکٹ پیسوں کے عوض تقسیم کرنے پر کارکنان نے ہنگامہ آرائی کی تھی جب کہ شہباز شریف نے ہنگامہ آرائی کے واقعے کی تحقیقات کے لیے کمیٹی تشکیل دی تھی۔

مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کے پارٹی عہدے سے استعفے کے بعد نئی بحث چھڑ گئی ہے کہ آیا یہ استعفیٰ بیانیے کی جنگ کی وجہ سے دیا گیا ہے یا پھر وجہ کچھ اور ہے تاہم مفتاح اسماعیل کی جانب سے تاحال اس حوالے سے کوئی حتمی بیان سامنے نہیں آ سکا۔